اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)وزیراعظم کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری مسترد کرنے کے بعد پیٹرولیم ڈویژن نے نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
اس اقدام کے بعد ملک بھر میں ہائی اسپیڈ ڈیزل اور پیٹرول کی قیمتیں برقرار رہیں جبکہ مٹی کا تیل فی لیٹر 4 روپے مہنگا کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق اگلے ایک ہفتے کے لیے ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 335 روپے 86 پیسے فی لیٹر اور پیٹرول کی قیمت 321 روپے 17 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔ مٹی کے تیل کی قیمت میں چار روپے اضافہ کیا گیا ہے تاکہ مقامی مارکیٹ میں توازن برقرار رکھا جا سکے۔
پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق حکومت او ایم سیز (تیل کی کمپنیوں) کو قیمتوں کے فرق کی ادائیگی کرے گی، تاکہ صارفین پر اضافی بوجھ نہ پڑے۔ ساتھ ہی عالمی سطح پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ممکنہ اضافہ بھی حکومت خود برداشت کرے گی تاکہ عام شہریوں کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
حکومت نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں فی الوقت اضافے کے فیصلے کا مقصد عالمی مارکیٹ میں قیمتوں کی غیر یقینی صورتحال کے اثرات کو ملکی صارفین پر منتقل ہونے سے روکنا ہے۔ اس دوران پیٹرولیم ڈویژن مسلسل قیمتوں کی نگرانی کرے گا اور ضرورت پڑنے پر ریگولیٹری اقدامات کرے گا۔