اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)پی ڈی ایم اے پنجاب نے صوبے بھر میں درجہ حرارت میں نمایاں اضافے کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا ہے، جس میں شہریوں کو آئندہ ہفتوں میں شدید گرمی کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ادارے کے ڈائریکٹر جنرل عمر جاوید کے مطابق رواں سال مئی اور جون کے مہینے غیر معمولی طور پر گرم رہنے کا امکان ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ جنوبی پنجاب میں درجہ حرارت بعض مقامات پر 52 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے، جو ایک خطرناک حد تصور کی جاتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ عمومی طور پر مئی اور جون کے دوران درجہ حرارت 43 سے 45 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کی توقع ہے، جبکہ حالیہ دنوں میں یہ معمول سے دو سے چار ڈگری زیادہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جو موسمی تبدیلی کی واضح علامت ہے۔
الرٹ کے مطابق 29 اپریل سے 3 مئی کے دوران جنوبی علاقوں میں ہلکی ہیٹ ویو کا امکان ہے، جبکہ 27 اپریل کی رات سے 29 اپریل اور پھر 3 سے 5 مئی کے دوران بالائی علاقوں پر مغربی ہواؤں کے اثرات پڑ سکتے ہیں۔
محکمے کے مطابق ان مغربی ہواؤں کے باعث بالائی علاقوں میں درجہ حرارت میں دو سے چار ڈگری کمی بھی ممکن ہے، تاہم مجموعی طور پر موسم گرم ہی رہے گا۔
پی ڈی ایم اے پنجاب نے شہریوں، خصوصاً بچوں، خواتین اور بزرگوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں اور پانی کا زیادہ استعمال یقینی بنائیں تاکہ ہیٹ اسٹروک جیسے خطرات سے بچا جا سکے۔
مزید کہا گیا ہے کہ کسان موسمی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی فصلوں کی دیکھ بھال کریں، جبکہ تمام متعلقہ ادارے ہائی الرٹ رہیں۔
ریسکیو ادارے اور ضلعی ایمرجنسی مراکز کو 24 گھنٹے فعال رکھنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری ردعمل دیا جا سکے۔
علاوہ ازیں موٹروے پولیس کو ٹریفک ایڈوائزری جاری کرنے اور مسافروں کی رہنمائی کی ہدایت دی گئی ہے۔ شہریوں کو کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کرنے کا کہا گیا ہے۔