اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)عمران خان کو طبی معائنے اور علاج کے بعد دوبارہ اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا۔ جیل ذرائع کے مطابق انہیں گزشتہ رات سخت سکیورٹی میں جیل سے اسلام آباد کے پمز اسپتال لے جایا گیا تھا جہاں ان کا معمول کا طبی چیک اپ کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس معائنے میں ان کی آنکھوں، دانتوں اور دیگر عمومی صحت سے متعلق تفصیلی جانچ کی گئی۔ طبی معائنے کے بعد انہیں منگل کی صبح سویرے دوبارہ اڈیالہ جیل واپس پہنچا دیا گیا۔
دوسری جانب پمز اسپتال اسلام آباد کی انتظامیہ نے وضاحت دیتے ہوئے بتایا کہ عمران خان کو آنکھوں کے فالو اپ علاج کے لیے اسپتال لایا گیا تھا۔ اس دوران انہیں ایک خصوصی طبی عمل سے گزارا گیا، جس میں آنکھوں میں انجیکشن کی چوتھی خوراک دی گئی۔
اسپتال کے مطابق تمام طبی کارروائی سے قبل مریض کی مکمل رضامندی حاصل کی گئی اور طریقہ کار ماہر امراض چشم کی نگرانی میں انجام پایا۔ جدید معائنے میں ان کی حالت کو مستحکم قرار دیا گیا جبکہ بعض ٹیسٹوں میں بہتری کے آثار بھی دیکھے گئے۔
انتظامیہ نے مزید بتایا کہ یہ پورا عمل ڈے کیئر طریقہ کار کے تحت مکمل کیا گیا، جس میں مریض کو مسلسل طبی نگرانی میں رکھا گیا۔ علاج کے بعد انہیں ضروری ہدایات اور فالو اپ کے ساتھ ڈسچارج کر دیا گیا۔
جیل اور اسپتال ذرائع کے مطابق عمران خان پورے عمل کے دوران طبی طور پر مستحکم رہے اور ان کی حالت پر مسلسل نظر رکھی گئی۔