معروف عالمِ دین مولانا محمد ادریس ترنگزئی قاتلانہ حملے میں شہید، ملک بھر میں سوگ کی فضا

اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)خیبر پختونخوا کے ضلع چارسدہ میں ایک افسوسناک واقعے میں معروف مذہبی شخصیت، سابق رکن صوبائی اسمبلی اور شیخ الحدیث مولانا محمد ادریس ترنگزئی قاتلانہ حملے میں شہید ہو گئے۔ اس واقعے کے بعد علاقے میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے جبکہ ملک بھر میں سوگ کی فضا ہے۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کا یہ واقعہ چارسدہ کے علاقے اتمانزئی میں اس وقت پیش آیا جب مولانا محمد ادریس درسِ حدیث دینے کے لیے دارالعلوم اتمانزئی جا رہے تھے۔ نامعلوم مسلح افراد نے ان کی گاڑی پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گئے اور اسپتال منتقل کیے جانے کے دوران دم توڑ گئے۔ واقعے میں دو پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے۔

مولانا محمد ادریس کی میت ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال منتقل کی گئی، جہاں ان کے ہزاروں عقیدت مند جمع ہو گئے۔ بعد ازاں ان کی نمازِ جنازہ ترنگزئی چارسدہ میں ادا کی گئی جس میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ انہیں ان کے آبائی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔

واقعے کا مقدمہ محکمہ انسداد دہشت گردی کی پولیس اسٹیشن مردان میں درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق حملہ آور نامعلوم تھے اور واردات کے بعد فرار ہو گئے۔ تاہم سکیورٹی کیمروں کی مدد سے حملہ آوروں کی تصاویر حاصل کر لی گئی ہیں اور ان کی تلاش جاری ہے۔

آئی جی خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کے احکامات جاری کیے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ذمہ دار عناصر کو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

مولانا محمد ادریس جمیعت علماء اسلام سے وابستہ ایک نامور عالمِ دین تھے اور پارٹی قائد مولانا فضل الرحمان کے قریبی ساتھیوں میں شمار ہوتے تھے۔ وہ مولانا حسن جان کے داماد بھی تھے، جنہیں دو ہزار سات میں فائرنگ کر کے شہید کیا گیا تھا۔

واقعے کے بعد جمیعت علماء اسلام نے ملک بھر میں احتجاج کا اعلان کیا ہے، جبکہ خیبر پختونخوا میں کل بڑے پیمانے پر مظاہرے کیے جائیں گے۔

ادھر حکومت نے واقعے کی تحقیقات کے لیے تین رکنی پراسیکیوشن ٹیم بھی تشکیل دے دی ہے جو پولیس کی تفتیشی ٹیموں کے ساتھ مل کر روزانہ کی بنیاد پر پیش رفت رپورٹ تیار کرے گی۔ ٹیم میں سینئر پبلک پراسیکیوٹر محمد ارشاد، لاء آفیسر سکندر زمان اور اسسٹنٹ پبلک پراسیکیوٹر شاہد عادل شامل ہیں۔

حکام کے مطابق یہ ٹیم تھانہ سی ٹی ڈی مردان میں درج مقدمے کی نگرانی کرے گی اور کیس کی پیش رفت پر نظر رکھے گی۔

اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو  800 سے 1,200 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنا مختصر  تعارف کے ساتھ URDUWORLDCANADA@GMAIL.COM پر ای میل کردیجیے۔

امیگریشن سے متعلق سوالات کے لیے ہم سے رابطہ کریں۔

کینیڈا کا امیگریشن ویزا، ورک پرمٹ، وزیٹر ویزا، بزنس، امیگریشن، سٹوڈنٹ ویزا، صوبائی نامزدگی  .پروگرام،  زوجیت ویزا  وغیرہ

نوٹ:
ہم امیگریشن کنسلٹنٹ نہیں ہیں اور نہ ہی ایجنٹ، ہم آپ کو RCIC امیگریشن کنسلٹنٹس اور امیگریشن وکلاء کی طرف سے فراہم کردہ معلومات فراہم کریں گے۔

ہمیں Urduworldcanada@gmail.com پر میل بھیجیں۔

    📰 اقوامِ متحدہ سے تازہ ترین اردو خبریں