اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)پاکستان کے بیشتر علاقوں میں شدید گرمی کی لہر برقرار رہی، جبکہ سندھ میں ہیٹ ویو کی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔
کراچی میں دن بھر شدید گرمی رہی اور شہر میں درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ اندرون سندھ کے مختلف علاقوں میں بھی گرمی کی شدت برقرار رہی، جہاں مٹھی میں پارہ 44 ڈگری، میرپورخاص میں 42 ڈگری اور حیدرآباد میں 40 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔
شدید گرمی کے باعث تھرپارکر میں پانی کی قلت سنگین صورت اختیار کر گئی ہے۔ علاقے میں کنوؤں کا پانی خشک ہونے لگا ہے، جس کے نتیجے میں تھر کی پہچان سمجھے جانے والے مور اور مویشیوں کی زندگی کو بھی خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔ مقامی افراد پانی کی تلاش میں کئی کئی میل کا سفر کرنے پر مجبور ہیں۔
بلوچستان کے جنوبی اضلاع بھی شدید گرمی کی لپیٹ میں رہے۔ تربت میں درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ اور لسبیلہ میں 44 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔
دوسری جانب خیبرپختونخوا میں آئندہ دنوں میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جس سے موسم میں کچھ بہتری کی توقع ہے۔