اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف آج ایک روزہ دورے پر گلگت بلتستان روانہ ہوں گے۔ گلگت بلتستان میں اس دورے کے دوران اہم سیاسی اور انتظامی ملاقاتیں شیڈول ہیں جن میں خطے کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔
شہباز شریف کے دورے کے حوالے سے پرائم منسٹر آفس میڈیا ونگ کے مطابق وزیرِ اعظم کی ملاقات سید مہدی شاہ اور جسٹس (ر) یار محمد سے ہوگی، جس میں صوبائی گورننس، ترقیاتی منصوبوں اور عوامی مسائل پر غور کیا جائے گا۔
اس اعلیٰ سطحی دورے میں متعدد وفاقی وزراء بھی وزیرِ اعظم کے ہمراہ ہوں گے، جن میں احسن اقبال، سردار اویس احمد خان لغاری، عطا اللہ تارڑ، انجینئر امیر مقام، عبدالعلیم خان، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی اور مشیرِ وزیرِ اعظم رانا ثناء اللہ شامل ہیں۔
وفد دورے کے دوران خطے میں جاری ترقیاتی منصوبوں، انفراسٹرکچر کے کاموں اور انتظامی معاملات کا بھی جائزہ لے گا۔ حکومتی ذرائع کے مطابق اس دورے کا مقصد گلگت بلتستان میں ترقیاتی عمل کو تیز کرنا اور عوامی مسائل کے حل کے لیے مؤثر اقدامات کو یقینی بنانا ہے۔
واضح رہے کہ وفاقی حکومت ماضی میں بھی اس خطے میں ترقیاتی منصوبوں کی رفتار بہتر بنانے اور مقامی سطح پر مسائل کے حل کے لیے متعدد اعلیٰ سطحی دورے کر چکی ہے۔ موجودہ دورہ بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی قرار دیا جا رہا ہے، جس میں گورننس اور ترقیاتی حکمتِ عملی پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔