کیوبیک کا بڑا قدم،ہسپتالوں میں جدید ڈیجیٹل نظام نافذ،تکنیکی خدشات برقرار

اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) کینیڈا کے صوبے کیوبیک میں صحت کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے ڈیجیٹل ہیلتھ ڈیش بورڈ کا پائلٹ منصوبہ شروع کر دیا گیا۔

منصوبے کے آغاز کے ساتھ ہی تکنیکی مسائل اور سیکیورٹی خدشات پر تنقید بھی سامنے آنا شروع ہو گئی ہے۔صوبائی حکومت کے مطابق نئے ڈیجیٹل نظام کا آغاز مونٹریال اور موریسی کے علاقوں میں کیا گیا ہے، جس کا مقصد فیکس، کاغذی فارم اور دستی اسکیننگ جیسے پرانے طریقہ کار کا خاتمہ کرنا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس جدید پلیٹ فارم کے ذریعے ڈاکٹروں اور طبی عملے کو مریضوں کے حوالے سے فوری معلومات اور الرٹس موصول ہوں گے، غیرضروری ٹیسٹوں سے بچا جا سکے گا اور علاج معالجے میں بہتر رابطہ ممکن ہو سکے گا۔کیوبیک حکومت کے مطابق اس منصوبے کی تیاری اور نفاذ پر مجموعی طور پر تقریباً 40 کروڑ ڈالر خرچ ہونے کا تخمینہ ہے، جن میں سے 32 کروڑ 90 لاکھ ڈالر پہلے ہی خرچ کیے جا چکے ہیں۔
مستقبل میں اس نظام کو پورے صوبے کے صحت کے نیٹ ورک تک پھیلایا جائے گا، جس کیلئے مجموعی لاگت ڈیڑھ ارب سے تین ارب ڈالر تک پہنچنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔منصوبے کو اپوزیشن جماعتوں اور طبی ماہرین کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا بھی ہے۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ حکومت کو گزشتہ برس آٹو انشورنس بورڈ کے ڈیجیٹل نظام کی ناکامی سے سبق سیکھنا چاہیے تھا، جہاں تکنیکی خرابیوں اور اضافی اخراجات نے بڑے بحران کو جنم دیا تھا۔صوبائی وزیر صحت سونیا بیلانجے نے عوام سے صبر کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ ابتدائی مرحلے میں بعض تکنیکی خرابیاں اور سسٹم میں رکاوٹیں سامنے آ سکتی ہیں۔

دوسری جانب صحت کے سرکاری ادارے کے ٹیکنالوجی حکام کا کہنا ہے کہ اب تک سامنے آنے والے بیشتر مسائل انٹرنیٹ یا رابطہ سسٹم سے متعلق تھے اور بڑی تعداد میں شکایات کو حل کر لیا گیا ہے۔حکام کے مطابق نئے نظام کے تحت تقریباً 400 مختلف آئی ٹی سسٹمز کو یکجا کیا جائے گا جبکہ سالانہ آپریٹنگ اخراجات تقریباً 10 کروڑ ڈالر ہوں گے۔ تاہم حکومت کا دعویٰ ہے کہ اس جدید نظام کے ذریعے ہر سال کم از کم 12 کروڑ ڈالر کی بچت بھی ممکن ہو سکے گی۔

اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو  800 سے 1,200 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنا مختصر  تعارف کے ساتھ URDUWORLDCANADA@GMAIL.COM پر ای میل کردیجیے۔

امیگریشن سے متعلق سوالات کے لیے ہم سے رابطہ کریں۔

کینیڈا کا امیگریشن ویزا، ورک پرمٹ، وزیٹر ویزا، بزنس، امیگریشن، سٹوڈنٹ ویزا، صوبائی نامزدگی  .پروگرام،  زوجیت ویزا  وغیرہ

نوٹ:
ہم امیگریشن کنسلٹنٹ نہیں ہیں اور نہ ہی ایجنٹ، ہم آپ کو RCIC امیگریشن کنسلٹنٹس اور امیگریشن وکلاء کی طرف سے فراہم کردہ معلومات فراہم کریں گے۔

ہمیں Urduworldcanada@gmail.com پر میل بھیجیں۔

    📰 اقوامِ متحدہ سے تازہ ترین اردو خبریں