اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے آئی بی آئی بیجنگ یونائیٹڈ ٹیکنالوجی کے بانی، صدر اور کنٹرولنگ شیئر ہولڈر چیان شیاو جون کی قیادت میں 11 رکنی اعلیٰ سطح چینی کاروباری وفد نے وزیرِ اعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔
وزیرِ اعظم نے وفد کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان تاریخی اور مضبوط تعلقات قائم ہیں۔ انہوں نے صدر شی جن پنگ کی قیادت میں چین کی تیز رفتار ترقی کو سراہا اور کہا کہ وہ رواں ماہ کے آخر میں اپنے دورۂ چین کے منتظر ہیں۔
ملاقات کے دوران وزیرِ اعظم نے آئی بی آئی گروپ کے پاکستان میں ڈیجیٹل اکانومی ہیڈکوارٹر قائم کرنے کے فیصلے کو سراہا اور دونوں ممالک کے درمیان کاروباری اور سرمایہ کاری تعاون میں اضافے پر اطمینان کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ اقدام پاکستان میں ڈیجیٹل معیشت کو فروغ دینے، سرمایہ کاری بڑھانے اور صنعتی تعاون کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
چینی وفد کے سربراہ چیان شیاو جون نے پاکستان کی معیشت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آئی بی آئی پاکستان میں ڈیجیٹل اصلاحات کے عمل میں تعاون کرنا چاہتا ہے۔ ان کے مطابق پاکستان میں ڈیجیٹل اکانومی ہیڈکوارٹر کا قیام انتہائی مثبت پیش رفت ہے، جو چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کو چینی مارکیٹ تک رسائی دے کر نئے مواقع فراہم کرے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ دورہ پاکستان اور چین کے درمیان ستمبر 2025 میں بیجنگ میں ہونے والی پاکستان-چین بزنس ٹو بزنس سرمایہ کاری کانفرنس کے تسلسل میں کیا جا رہا ہے۔
ملاقات میں وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری قیصر احمد شیخ، وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان، وفاقی وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلی کام شزہ فاطمہ خواجہ، وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک، معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر، معاون خصوصی طارق فاطمی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔