اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی کو بھارت میں ہونے والی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی اہم بورڈ میٹنگ اور انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے فائنل میں شرکت کے لیے باضابطہ دعوت نامہ موصول ہو گیا ہے۔
دورہ بھارت سے متعلق حتمی فیصلہ وزیراعظم شہباز شریف کریں گے۔کرکٹ ویب سائٹس اور ذرائع کے مطابق آئی سی سی کے اجلاس رواں ماہ دو مراحل میں منعقد ہوں گے۔ پہلا اجلاس چیف ایگزیکٹو کمیٹی کا 21 مئی کو آن لائن ہوگا، جبکہ اصل بورڈ میٹنگ 30 اور 31 مئی کو بھارتی شہر احمد آباد میں منعقد کی جائے گی۔
اس اجلاس میں عالمی کرکٹ سے متعلق اہم فیصلوں پر غور کیا جائے گا۔اجلاس کے دوران ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فارمیٹ میں ممکنہ تبدیلیوں پر بھی بحث متوقع ہے۔ موجودہ نظام کے تحت ہر سیریز میں کم از کم دو ٹیسٹ میچز کھیلنا لازمی ہے، تاہم اس فارمیٹ میں تبدیلیوں کی تجاویز زیر غور ہیں۔ اس کے علاوہ زمبابوے، آئرلینڈ اور افغانستان کو ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں شامل کرنے کے امکانات پر بھی غور کیا جائے گا۔
رپورٹس کے مطابق چیئرمین پی سی بی محسن نقوی پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے اجلاس میں شرکت کریں گے، تاہم ان کی بھارت روانگی اور آئی پی ایل فائنل میں شرکت کا فیصلہ حکومت پاکستان کی منظوری سے مشروط ہوگا۔ذرائع کے مطابق سیکیورٹی اور سفارتی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کی سطح پر اس معاملے کا جائزہ لیا جائے گا، جس کے بعد ہی حتمی فیصلہ سامنے آئے گا کہ پاکستانی کرکٹ بورڈ کے سربراہ بھارت جائیں گے یا نہیں۔
پیشرفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب پاکستان اور بھارت کے درمیان سیاسی تعلقات عمومی طور پر حساس نوعیت کے حامل ہیں، تاہم کھیلوں کے عالمی فورمز پر دونوں ممالک کی شرکت کو خطے میں محدود رابطے کا ایک اہم ذریعہ سمجھا جاتا ہے۔