اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی 24 گھنٹوں کے اندر دوسری بار اہم دورے پر ایران کے دارالحکومت تہران پہنچ گئے ہیں، جہاں انہوں نے اعلیٰ ایرانی قیادت سے ایک بار پھر ملاقاتیں کیں۔
تہران میں محسن نقوی نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے بھی ملاقات کی، جو ایک ہفتے کے دوران دونوں رہنماؤں کے درمیان دوسری ملاقات ہے۔ اس سے قبل بھی وہ چند روز پہلے تہران کا دورہ کر چکے ہیں۔
ایرانی خبر رساں اداروں کے مطابق ملاقاتوں میں ایران اور امریکا کے درمیان جاری مذاکرات سمیت علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایرانی صدر نے خطے میں استحکام اور تعاون کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور ان کی حمایت کا اظہار کیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس موقع پر مذاکرات اور افہام و تفہیم کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مسائل کے حل کے لیے بات چیت ہی بہترین راستہ ہے۔
اپنے دورے کے دوران انہوں نے ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی اور پاسدارانِ انقلاب کے کمانڈر انچیف جنرل احمد وحیدی سے بھی علیحدہ ملاقاتیں کیں۔
سفارتی ذرائع کے مطابق ان ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی امن اور مشرق وسطیٰ کی تازہ صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ یہ بھی بتایا گیا کہ محسن نقوی اس سے قبل پانچ روزہ دورے کے بعد 24 گھنٹے پہلے ہی پاکستان واپس آئے تھے، جس کے بعد وہ دوبارہ تہران روانہ ہوئے۔