اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) – ایران کی خلیج فارس سٹریٹ اتھارٹی نے اعلان کیا ہے کہ ایران نے عالمی اہمیت کے حامل آبنائے ہرمز میں ایک نیا کنٹرول زون قائم کر دیا ہے۔
اس فیصلے کے تحت اس اہم سمندری گذرگاہ سے گزرنے والے تمام تجارتی اور بحری جہازوں کے لیے پیشگی اجازت لازمی قرار دی گئی ہے۔ایران کی خلیج فارس سٹریٹ اتھارٹی کے مطابق نئی کنٹرول لائن ام القوین سے لے کر قشم جزیرے تک سمندری حدود میں نافذ کی گئی ہے، جس کا مقصد اس خطے میں محفوظ اور منظم بحری نقل و حمل کو یقینی بنانا ہے۔ اتھارٹی نے مزید کہا کہ کنٹرول زون میں داخل ہونے والے جہاز ایران کی اجازت کے بغیر گذر نہیں کر سکتے۔غیرملکی خبررساں اداروں کے مطابق یہ اقدام عالمی تیل کی ترسیل میں اہم کردار ادا کرنے والے آبنائے ہرمز کی سلامتی اور نگرانی کے لیے کیا گیا ہے۔ ماہرین کے مطابق ایران کا یہ فیصلہ خلیج فارس میں بین الاقوامی بحری امور اور خطے میں سیاسی کشیدگی کے تناظر میں اہمیت کا حامل ہے۔اس سے قبل بھی ایران نے اس آبنائے پر اپنی نگرانی کو مضبوط کرنے کے لیے متعدد اقدامات کیے ہیں، جن میں فوجی مشقیں اور نگرانی کے جدید نظام نصب کرنا شامل ہیں۔