اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) امریکی ریاست ویسٹ ورجینیا میں ایک کینیڈین شہری کو اوہائیو کی خاتون کے اغوا اور جنسی زیادتی کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق ملزم کو ٹریفک چیکنگ کے دوران حراست میں لیا گیا جبکہ وہ مختلف ریاستی اداروں کو مطلوب تھا۔حکام کے مطابق 26 سالہ آسٹن ڈوبوئس کو گرافٹن کے علاقے میں امریکی شاہراہ 50 پر ایک کارروائی کے دوران گرفتار کیا گیا۔ ویسٹ ورجینیا اسٹیٹ پولیس کئی کاؤنٹیوں میں اس کی تلاش کر رہی تھی۔ پولیس کو ایک نیلی شیورلیٹ کروز گاڑی کی اطلاع ملی تھی جس کا تعلق اوہائیو میں پیش آنے والے مبینہ اغوا کیس سے بتایا جا رہا تھا۔پولیس کے مطابق آسٹن ڈوبوئس کینیڈا کے صوبے مانیٹوبا کے شہر پورٹیج لا پریری کا رہائشی ہے۔ اس کے خلاف ٹیلر کاؤنٹی، ویسٹ ورجینیا میں اغوا جبکہ ہیریسن کاؤنٹی، اوہائیو میں شدید حملے اور پہلی و دوسری درجے کی جنسی زیادتی کے مقدمات درج کیے گئے ہیں۔عدالتی دستاویزات میں متاثرہ خاتون نے الزام عائد کیا کہ ملزم نے اسے زبردستی قید میں رکھا، جنسی تشدد کا نشانہ بنایا، ٹانگ میں چاقو مارا اور متعدد بار جسمانی تشدد کیا۔ تفتیشی حکام کے مطابق ملزم نے دورانِ پوچھ گچھ اعتراف کیا کہ وہ غیر قانونی طور پر ریاست واشنگٹن کے راستے پیدل امریکا میں داخل ہوا تھا۔پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں جبکہ ملزم کو عدالت میں پیش کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔