اردو ورلڈ کینیڈا (ویب نیوز ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ جاری مذاکرات میں زیادہ تر معاملات طے پا چکے ہیں اور جلد ایک اہم معاہدے کا اعلان متوقع ہے۔
انہوں نے مشرقِ وسطیٰ کی موجودہ صورتحال پر کئی مسلم ممالک کے رہنماؤں سے رابطوں اور مشاورت کا بھی انکشاف کیا ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے معاملے پر سفارتی سطح پر پیشرفت جاری ہے اور دونوں جانب سے مثبت اشارے سامنے آرہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکہ خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور امن کے قیام کے لیے سنجیدہ کوششیں کر رہا ہے۔امریکی صدر نے بتایا کہ ایران سے متعلق معاملات پر مختلف مسلم ممالک کے رہنماؤں سے تفصیلی بات چیت کی گئی ہے تاکہ خطے میں استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں
ایران کے ساتھ کسی معاہدے تک کوئی ریلیف فراہم نہیں کیا جائے گا،چند دن انتظار کرینگے،ٹرمپ
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے فیلڈ مارشل عاصم منیر سے بھی اس سلسلے میں رابطہ ہوا اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ مجوزہ معاہدہ نہ صرف ایران اور امریکہ بلکہ پورے خطے کے لیے اہم پیشرفت ثابت ہوسکتا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ جلد مثبت نتائج سامنے آئیں گے اور عالمی برادری کو ایک بڑی سفارتی کامیابی دیکھنے کو ملے گی۔سیاسی و سفارتی حلقوں میں امریکی صدر کے بیان کو انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے جبکہ عالمی مبصرین کے مطابق ایران کے ساتھ کسی ممکنہ معاہدے سے مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال پر گہرے اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔ دوسری جانب مختلف ممالک کی جانب سے بھی اس پیشرفت پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔