اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ کسی معاہدے تک کوئی ریلیف فراہم نہیں کیا جائے گا اور وہ تہران کے جواب کا چند دن انتظار کریں گے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایران کو معاہدہ کرنا ہوگا، ورنہ وہ جانتے ہیں کہ کیا نتائج سامنے آ سکتے ہیں۔ ان کے مطابق امریکہ کسی بھی ممکنہ کارروائی کے لیے تیار ہے اور ایران کے ساتھ معاملات میں جلد بازی نہیں کی جائے گی۔ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ایران خود بھی ڈیل کرنے میں دلچسپی رکھتا ہے اور اس کے لیے بے تاب ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر معاہدہ نہ ہوا تو امریکہ دوبارہ حملہ کرنے کا آپشن رکھتا ہے۔ ٹرمپ کے مطابق ایران کی معاشی صورتحال انتہائی خراب ہے اور وہاں عوام میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے۔
امریکی صدر نے مزید کہا کہ ایران کو ایک بہتر معاہدے کی پیشکش کی گئی ہے اور اگر یہ قبول نہ کیا گیا تو نتائج سنگین ہو سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آئندہ دنوں میں صورتحال مزید واضح ہوگی اور امریکہ اپنے مؤقف پر قائم رہے گا۔
انہوں نے آبنائے ہرمز کے حوالے سے بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ اسے کھولنے کی ضرورت ہے، تاہم اس معاملے میں فوری اقدام کی ضرورت نہیں۔ ٹرمپ نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ایران حالیہ تنازع میں شدید نقصان اٹھا چکا ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کیوبا کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہاں کی صورتحال بھی خراب ہے اور عوام مشکلات کا شکار ہیں، اس لیے ان کی مدد کی ضرورت ہے۔
بعد ازاں ایک اور بیان میں ٹرمپ نے کہا کہ ایران کو ایک “اچھی ڈیل” کی پیشکش کی گئی ہے، اور اگر اسے قبول نہ کیا گیا تو صورتحال مزید خراب ہو سکتی ہے۔ انہوں نے اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کے ساتھ ہم آہنگی کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اس معاملے پر اتفاق پایا جاتا ہے۔