اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر عوامی ٹرانسپورٹ میں اوورچارجنگ، اوورلوڈنگ اور غیر فٹ گاڑیوں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم جاری کر دیا ہے۔
انہوں نے تمام ڈپٹی کمشنرز اور ضلعی پولیس افسران کو ہدایت کی ہے کہ بسوں اور بس اڈوں کی مکمل چیکنگ یقینی بنائی جائے تاکہ مسافروں کو کسی بھی قسم کی غیر قانونی یا غیر محفوظ سفری صورتحال کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ ہر بس اور بس اسٹینڈ پر کرایہ نامہ نمایاں طور پر آویزاں ہونا چاہیے تاکہ مسافروں سے اضافی کرایہ وصول نہ کیا جا سکے۔ ان کے مطابق اوورچارجنگ میں ملوث بسوں کے روٹ پرمٹ اور بس اسٹینڈز کے اجازت نامے منسوخ کیے جائیں گے۔
انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ بغیر فٹنس سرٹیفکیٹ کے چلنے والی تمام گاڑیوں کو فوری طور پر بند کیا جائے جبکہ مسافروں کی اوورلوڈنگ پر مکمل پابندی سختی سے نافذ کی جائے۔
اس کے علاوہ وزیراعلیٰ نے بس اڈوں پر مسافروں کے لیے پینے کے ٹھنڈے پانی کی فراہمی کو بھی یقینی بنانے کا حکم دیا ہے تاکہ گرمی اور رش کے دوران عوام کو سہولت میسر ہو۔
محکمہ ٹرانسپورٹ نے شہریوں کی شکایات کے فوری ازالے کے لیے ایک نیا ہیلپ لائن نمبر 1071 ہیلپ لائن بھی قائم کر دیا ہے، جہاں لوگ اوورچارجنگ یا دیگر شکایات درج کرا سکتے ہیں۔
حکام کے مطابق عید کے دنوں میں مسافروں کے رش کے پیش نظر خصوصی مانیٹرنگ ٹیمیں بھی تشکیل دی جا رہی ہیں تاکہ ٹرانسپورٹ نظام کو محفوظ اور منظم بنایا جا سکے۔