اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) امریکی ذرائع ابلاغ نے دعویٰ کیا ہے کہ عاصم منیر نے امریکا اور ایران کے درمیان جاری مذاکرات کو حتمی مرحلے تک پہنچانے میں اہم اور کلیدی کردار ادا کیا۔
مختلف بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان نے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کم کرنے اور سفارتی رابطوں کو بحال کرنے کے لیے پسِ پردہ متحرک کردار ادا کیا۔امریکی اور بین الاقوامی میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے واشنگٹن اور تہران کے درمیان اعتماد سازی میں پل کا کردار ادا کیا، جبکہ عاصم منیر نے دونوں ممالک کی قیادت سے مسلسل رابطے رکھے۔ رپورٹس کے مطابق حالیہ ہفتوں میں تہران، اسلام آباد اور دیگر علاقائی دارالحکومتوں میں ہونے والی سفارتی سرگرمیوں میں بھی پاکستان متحرک رہا۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات میں خلیج کی صورتحال، آبنائے ہرمز کی بحالی، جنگ بندی اور ایران کے جوہری پروگرام سمیت اہم امور زیر بحث آئے۔ بعض رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے دونوں ممالک کے درمیان براہِ راست رابطوں اور بیک ڈور ڈپلومیسی کو ممکن بنانے میں معاونت کی۔رپورٹس میں مزید کہا گیا کہ پاکستان کی سفارتی کوششوں کے باعث مذاکرات میں پیش رفت ممکن ہوئی، جبکہ امریکی حکام نے بھی بعض مواقع پر مثبت پیش رفت کا اعتراف کیا۔ عالمی مبصرین کے مطابق اگر مذاکرات کامیاب ہوتے ہیں تو خطے میں کشیدگی کم ہونے اور عالمی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہونے کا امکان ہے۔