اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں رات گئے آندھی کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی جس کے باعث کئی علاقوں میں نظامِ زندگی بری طرح متاثر ہوا۔
لاہور کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے تیز ہواؤں اور بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ ٹھوکر نیاز بیگ، چوہنگ، مسلم ٹاؤن، گلبرگ، اچھرہ، چوبرجی اور دیگر علاقوں میں آندھی کے بعد بادل خوب برسے۔ کئی مقامات پر فیڈرز ٹرپ ہونے سے بجلی کی فراہمی بھی معطل ہو گئی۔
راولپنڈی میں شدید آندھی کے باعث درخت، سائن بورڈ اور بجلی کے پول گر گئے جس سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا۔ انڈر پاس پانی میں ڈوب گیا جبکہ گلیاں اور محلے تالاب کا منظر پیش کرنے لگے۔
مریدکے، ڈسکہ، اٹک اور گردونواح میں بھی تیز آندھی کے ساتھ بارش ریکارڈ کی گئی۔ پشاور اور نوشہرہ میں موسلادھار بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا، جبکہ ایبٹ آباد اور گلیات میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری رہا۔
سندھ کے مختلف علاقوں نواب شاہ، سکھر اور میرپور ماتھیلو میں بھی موسلادھار بارش ہوئی۔ اسی طرح آزاد کشمیر کے جہلم ویلی میں بارش کے ساتھ ژالہ باری بھی ریکارڈ کی گئی جبکہ سبی کے قریبی علاقے گلو شہر میں بھی ژالہ باری ہوئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے مختلف شہروں میں 5 جون تک وقفے وقفے سے بارش اور آندھی کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے، جس کے باعث شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔