اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت کفایت شعاری اقدامات سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں توانائی کے مؤثر استعمال اور ملک بھر میں کاروباری سرگرمیوں کے اوقات کار کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں موسمی حالات، دن کے طویل دورانیے اور بلند درجہ حرارت کے پیش نظر مختلف شعبوں کے اوقات کار میں تبدیلی کی منظوری دی گئی۔ فیصلے کے مطابق دکانیں، بازار، شاپنگ مالز اور عمومی ریٹیل کاروبار رات نو بجے تک کھلے رہ سکیں گے۔
اسی طرح ریسٹورنٹس، کیفے اور دیگر کھانے پینے کے مراکز کو رات گیارہ بجے تک کام کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے، جبکہ ٹیک اوے اور ہوم ڈلیوری سروسز کو ان اوقات کی پابندی سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔
اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ شادی ہالز اور تقریبات کے مقامات رات دس بجے تک کھلے رہ سکیں گے۔ تاہم فارمیسیز، اسپتال، پٹرول پمپس، آئی ٹی اور ٹیلی کام سمیت ضروری سروسز کو ان پابندیوں سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔
کمیٹی نے صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی کہ وہ ان فیصلوں پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائیں اور وفاقی اداروں کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں۔
اجلاس میں وفاقی وزراء، معاونینِ خصوصی اور متعلقہ وزارتوں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی، جبکہ مختلف انتظامی و پالیسی امور کی بھی منظوری دی گئی۔