اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) فلپائن کے جنوبی جزیرے منداناؤ کے قریب آنے والے طاقتور 7.8 شدت کے زلزلے کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 41 ہوگئی ہے جبکہ 450 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔
حکام کے مطابق متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں اور لاپتا افراد کی تلاش کے لیے ریسکیو ٹیمیں مسلسل کام کر رہی ہیں۔خبر ایجنسی کے مطابق زلزلے کے باعث متعدد عمارتوں، رہائشی گھروں اور دیگر ڈھانچوں کو شدید نقصان پہنچا جبکہ کئی عمارتیں زمین بوس ہوگئیں۔ زلزلے کے شدید جھٹکوں سے متاثرہ علاقوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور ہزاروں افراد گھروں سے نکل کر کھلے مقامات پر جمع ہوگئے۔
حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں سے تقریباً 10 ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ اس کے باوجود 4 افراد تاحال لاپتا ہیں جن کی تلاش کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے جہاں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
ماہرین کے مطابق زلزلے کی گہرائی تقریباً 10 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی، جس کے باعث اس کے جھٹکے سطح زمین پر انتہائی شدت سے محسوس کیے گئے۔ کم گہرائی کے باعث زلزلے نے عمارتوں اور بنیادی ڈھانچے کو زیادہ نقصان پہنچایا۔زلزلے کے بعد متعدد علاقوں میں بجلی اور مواصلاتی نظام بھی متاثر ہوا، جبکہ سڑکوں اور دیگر بنیادی سہولیات کو پہنچنے والے نقصان کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
مقامی انتظامیہ، فوج اور امدادی ادارے متاثرین کی مدد اور بحالی کے لیے سرگرم ہیں۔فلپائن بحرالکاہل کے زلزلہ خیز خطے رِنگ آف فائر میں واقع ہے، جہاں ٹیکٹونک پلیٹوں کی مسلسل حرکت کے باعث اکثر زلزلے اور آتش فشانی سرگرمیاں رونما ہوتی رہتی ہیں۔ ماہرین نے متاثرہ علاقوں کے مکینوں کو آفٹر شاکس (بعد از زلزلہ جھٹکوں) کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔حکومت نے متاثرہ علاقوں میں ہنگامی امداد تیز کرنے اور بے گھر ہونے والے افراد کو خوراک، پانی اور عارضی رہائش فراہم کرنے کے اقدامات شروع کر دیے ہیں، جبکہ نقصان کا مکمل تخمینہ لگانے کا عمل بھی جاری