اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان بین اسٹوکس کو نائٹ کلب میں ہونے والے ایک واقعے کے بعد کپتانی سے ہٹائے جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
اس واقعے میں فاسٹ بولر گس ایٹکنسن بھی شامل تھے، اور اطلاعات کے مطابق ان کا جھگڑا ایک رگبی کھلاڑی کے ساتھ ہوا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق انگلینڈ کرکٹ بورڈ (ECB) نے کھلاڑیوں کے نائٹ کلب جانے کے معاملے کی تحقیقات کا اعلان کر دیا ہے۔ پروٹوکول کی خلاف ورزی پر بین اسٹوکس کے خلاف سخت تادیبی کارروائی متوقع ہے۔
بین اسٹوکس کی جگہ ممکنہ طور پر ہیری بروک کو نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں کپتانی سونپی جا سکتی ہے۔رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ جھگڑے کے دوران رگبی کھلاڑی نے فاسٹ بولر کو مکا مارا جبکہ ای سی بی کے سکیورٹی گارڈ کو بھی معمولی چوٹیں آئیں اور انہیں ٹانکے لگانے پڑے۔ خوش قسمتی سے کرکٹرز محفوظ رہے اور ان کو کوئی زخمی نہیں ہوا۔
پولیس اس واقعے میں شامل نہیں ہوئی اور ECB کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں نے جارحانہ رویہ نہیں اپنایا۔یہ واقعہ اس وقت سامنے آیا ہے جب کرکٹرز کے آف فیلڈ رویے پر پہلے ہی زیادہ توجہ دی جا رہی تھی، خاص طور پر شراب نوشی اور دیگر تنازعات کے بعد۔ ECB کی تحقیق کے بعد ہی بین اسٹوکس اور دیگر کھلاڑیوں کے خلاف حتمی فیصلے کا اعلان کیا جائے گا۔