وزیر اعظم کا پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بڑی کمی کا اعلان

اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) وزیر اعظم شہباز شریف نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا اعلان کرتے ہوئے عوام کو بڑا ریلیف دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیر اعظم کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 74 روپے فی لیٹر جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 67 روپے فی لیٹر کمی کی جا رہی ہے، جس کے بعد پیٹرول کی قیمت 373 روپے سے کم ہو کر 299 روپے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت 378 روپے سے کم ہو کر 311 روپے فی لیٹر ہو جائے گی۔اپنے بیان میں وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت نے قوم سے جو وعدہ کیا تھا، اسے پورا کرنے جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو درپیش مشکلات کا حکومت کو مکمل ادراک ہے اور مشکل معاشی حالات میں پاکستانی عوام نے صبر و تحمل کا قابلِ ستائش مظاہرہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت مشکل وقت میں عوام کے تعاون اور اعتماد پر ان کی تہہ دل سے شکر گزار ہے۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حکومت نے بحران کے آغاز سے ہی اپنے وسائل کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی لانے اور عوام کو مہنگائی کی عالمی لہر کے اثرات سے بچانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں آنے والی کمی کا پورا فائدہ عوام تک منتقل کیا جا رہا ہے اور حکومت معاشی استحکام برقرار رکھنے اور مہنگائی میں مزید کمی کے لیے مؤثر اقدامات جاری رکھے گی۔وزیر اعظم نے بتایا کہ بحران کے پورے عرصے میں حکومتی سطح پر کفایت شعاری کی پالیسی اپنائی گئی جبکہ کم آمدنی والے اور محروم طبقات کو مختلف شعبوں میں سبسڈی بھی فراہم کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ مشرق وسطیٰ میں کشیدہ صورتحال کے دوران پاکستان کی سفارتی کوششوں اور ثالثی کے باعث امن کی راہ ہموار ہوئی اور اسلام آباد میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط ایک تاریخی پیش رفت ثابت ہوئے۔ وزیر اعظم نے اس کامیابی پر فیلڈ مارشل عاصم منیر، نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور حکومتی ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا۔شہباز شریف نے کہا کہ ترقیاتی بجٹ میں بچت اور کفایت شعاری کے ذریعے 129 ارب روپے کے وسائل حاصل کیے گئے جنہیں عوامی ریلیف کے لیے استعمال کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں توانائی کے بحران اور بعض ممالک میں ایندھن کی راشن بندی جیسے اقدامات کے باوجود پاکستان میں مؤثر منصوبہ بندی کی بدولت نہ تو پیٹرولیم مصنوعات کی قلت پیدا ہوئی اور نہ ہی عوام کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
وزیر اعظم نے اس موقع پر وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملکی معیشت کو مستحکم رکھنے میں تمام صوبوں نے بھرپور کردار ادا کیا، جس پر وہ تمام وزرائے اعلیٰ کے شکر گزار ہیں۔

اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو  800 سے 1,200 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنا مختصر  تعارف کے ساتھ URDUWORLDCANADA@GMAIL.COM پر ای میل کردیجیے۔

امیگریشن سے متعلق سوالات کے لیے ہم سے رابطہ کریں۔

کینیڈا کا امیگریشن ویزا، ورک پرمٹ، وزیٹر ویزا، بزنس، امیگریشن، سٹوڈنٹ ویزا، صوبائی نامزدگی  .پروگرام،  زوجیت ویزا  وغیرہ

نوٹ:
ہم امیگریشن کنسلٹنٹ نہیں ہیں اور نہ ہی ایجنٹ، ہم آپ کو RCIC امیگریشن کنسلٹنٹس اور امیگریشن وکلاء کی طرف سے فراہم کردہ معلومات فراہم کریں گے۔

ہمیں Urduworldcanada@gmail.com پر میل بھیجیں۔

    📰 اقوامِ متحدہ سے تازہ ترین اردو خبریں