اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)ایران نے کہا ہے کہ سوئٹزرلینڈ کے ساتھ مذاکرات میں 12 ارب ڈالر کے منجمد اثاثوں کے اجرا سے متعلق معاہدے کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، جبکہ آبنائے ہرمز میں جہازوں کی آمدورفت کے لیے رابطے کا ایک نظام قائم کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔
ایران کی مذاکراتی ٹیم کے سربراہ باقر قالیباف نے کہا کہ آبنائے ہرمز میں رابطہ نظام قائم کرنے کا مقصد کسی بھی قسم کے تصادم یا کشیدگی سے بچنا ہے، تاکہ خطے میں بحری آمدورفت محفوظ اور مستحکم رہے۔
انہوں نے بتایا کہ مذاکرات کے دوران لبنان کی علاقائی سالمیت اور خودمختاری کی ضمانت دینے پر بھی اتفاق ہوا ہے اور امید ظاہر کی کہ بات چیت کے ذریعے لبنان کے مسئلے کو حتمی حل تک پہنچایا جا سکے گا۔
باقر قالیباف کا کہنا تھا کہ ایران اپنے مقاصد کے حصول تک مذاکرات کا عمل ترک نہیں کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ صرف فوجی کامیابی کافی نہیں ہوتی بلکہ سفارتکاری کے بغیر اس کے فوائد مکمل طور پر حاصل نہیں کیے جا سکتے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایران خطے میں استحکام، کشیدگی میں کمی اور اپنے قومی مفادات کے تحفظ کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھے گا۔