اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)حکومت نے ایندھن کی عالمی قیمتوں میں کمی کے پیش نظر ملک بھر میں فیول سبسڈی ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ یہ فیصلہ وزیراعظم کی منظوری کے بعد نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی زیر صدارت قومی اسٹیئرنگ کمیٹی کے ساتویں اجلاس میں کیا گیا۔
اجلاس کے دوران موٹر سائیکل سواروں، چھوٹے کسانوں، پبلک ٹرانسپورٹ اور گڈز ٹرانسپورٹ کے لیے جاری سبسڈی پروگرام کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی منظوری کے بعد تمام صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں فیول سبسڈی کے خاتمے پر اتفاق کیا گیا ہے۔
اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ عوامی خدمات کی فراہمی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے ڈیٹا کے نظام اور ترسیل کے طریقہ کار میں موجود خامیوں کو دور کیا جائے۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ وہ عوامی خدمات کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے ضروری اقدامات کریں تاکہ سہولیات کی فراہمی میں شفافیت اور کارکردگی کو یقینی بنایا جا سکے۔