اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)ترجمان دفتر خارجہ نے تصدیق کی ہے کہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان آج وزیرِ اعظم شہباز شریف کی دعوت پر پاکستان کے سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچیں گے۔
دفتر خارجہ کے مطابق ایرانی صدر کے ہمراہ وزراء اور دیگر اعلیٰ حکام پر مشتمل ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی پاکستان آئے گا۔ترجمان نے بتایا کہ صدر مسعود پزشکیان اپنے دورے کے دوران صدرِ پاکستان سے ملاقات کریں گے جبکہ وزیرِ اعظم شہباز شریف کے ساتھ باضابطہ مذاکرات بھی کریں گے۔
اعلامیے کے مطابق ایرانی صدر چیئرمین سینیٹ، سپیکر قومی اسمبلی اور نائب وزیرِ اعظم سے بھی ملاقات کریں گے۔دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بطور صدر یہ ڈاکٹر مسعود پزشکیان کا پاکستان کا دوسرا دورہ ہوگا، جس کے دوران دونوں ممالک دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیں گے۔
دورے کے دوران تجارت، توانائی، بارڈر سکیورٹی، عوامی روابط اور علاقائی رابطہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے نئے مواقع پر غور کیا جائے گا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اور ایران کی قیادت باہمی تعاون کے نئے امکانات کا جائزہ لے گی جبکہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے بعد جاری سفارتی روابط پر بھی تبادلہ خیال ہوگا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ علاقائی اور بین الاقوامی اہم امور پر بھی دونوں ممالک کے درمیان مشاورت ہوگی اور پاکستان و ایران خطے میں امن، استحکام اور پائیدار ترقی کے عزم کا اعادہ کریں گے۔
دفتر خارجہ کے مطابق ایرانی صدر کا یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے مشترکہ عزم کا عکاس ہے، جبکہ بارڈر سکیورٹی سمیت دیگر اہم امور بھی مذاکرات کا حصہ ہوں گے۔