سحر پروگرام شروع، پنجاب بھر میں ہزاروں خواتین کو گھر بیٹھے فنی تربیت دی جائے گی،مریم نواز

اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت پنجاب کی خواتین کے لیے پہلی مرتبہ "سکل انہانسمنٹ تھرو ہوم ریچ پروگرام (سحر)” کا آغاز کر دیا گیا ہے، جس کے تحت خواتین کو گھر بیٹھے فنی تربیت فراہم کی جائے گی تاکہ انہیں معاشی طور پر خودمختار بنایا جا سکے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے تحت صوبے بھر کی خواتین کو جدید تقاضوں کے مطابق ووکیشنل تربیت دی جائے گی اور انہیں ہنرمند بنایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ خواتین کی ہنرمند لیبر فورس میں شمولیت بڑھانے کے لیے شروع کیے گئے سحر پروگرام پر 97 کروڑ روپے سے زائد لاگت آئے گی۔

انہوں نے بتایا کہ پروگرام کے تحت پنجاب بھر میں 5 ہزار 365 خواتین کو گھر بیٹھے مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق تربیت دی جائے گی، جبکہ دور دراز، نیم شہری اور شہری علاقوں میں بیوٹی سروسز، ہاسپٹیلٹی اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سے متعلق کورسز کرائے جائیں گے۔

وزیراعلیٰ کے مطابق پنجاب ڈویلپمنٹ کمپنی پروگرام (PDCP) کے ذیلی ادارے آئی تھم کے اشتراک سے ایک ہزار 260 خواتین کو ہاسپٹیلٹی کے شعبے میں تربیت دی جائے گی۔ اس پروگرام کے تحت خواتین کو کلنری آرٹس، بیکنگ، گیسٹ ریلیشن، فرنٹ ڈیسک اور ایئر لائن مینجمنٹ کی تربیت فراہم کی جا رہی ہے۔

لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی، ملتان اور گوجرانوالہ میں سحر پروگرام کے تحت ہاسپٹیلٹی ٹریننگ کورس کے پہلے بیچ نے اپنی تربیت مکمل کر لی ہے، جبکہ لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی اور ملتان میں خواتین کو ہیر اسٹائلنگ، سکن کیئر، میک اپ اور نیل آرٹ کی تربیت بھی دی جا رہی ہے۔

سحر پروگرام کے تحت 2 ہزار 40 خواتین کو پنجاب اسکلز ڈویلپمنٹ فنڈ (PSDF) کے اشتراک سے چھ ماہ کا ڈیجیٹل اسکلز کورس بھی کرایا جائے گا۔ تربیت حاصل کرنے والی خواتین کو لیپ ٹاپ، انٹرنیٹ ڈیوائس، ڈیٹا پیکیج اور ماہانہ وظیفہ بھی فراہم کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پروگرام میں تربیت مکمل کرنے والی خواتین کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر پنجاب کی خواتین معاشی طور پر مضبوط ہوں گی تو نہ صرف صوبہ بلکہ پورا ملک ترقی کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب خواتین کو ایک قابلِ قدر اثاثہ بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے اور سحر پروگرام کا مقصد خواتین کو ترقی اور خودمختاری کے یکساں مواقع فراہم کرنا ہے۔

وزیراعلیٰ نے بتایا کہ اس پروگرام میں بیوہ، مطلقہ اور اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والی خواتین کو ترجیح دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ خواتین کے لیے پہلی مرتبہ گھر کی دہلیز پر ووکیشنل ٹریننگ کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے اور تربیت مکمل کرنے والی خواتین آسانی سے اپنا روزگار کما کر معاشرے کی فعال اور مفید شہری بن سکیں گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب سحر پروگرام کے تحت تربیت حاصل کرنے والی خواتین کے لیے روزگار کے مواقع بھی فراہم کرے گی، جبکہ اس پروگرام کا ایک اہم مقصد صوبے میں صنفی مساوات کو فروغ دینا بھی ہے۔

اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو  800 سے 1,200 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنا مختصر  تعارف کے ساتھ URDUWORLDCANADA@GMAIL.COM پر ای میل کردیجیے۔

امیگریشن سے متعلق سوالات کے لیے ہم سے رابطہ کریں۔

کینیڈا کا امیگریشن ویزا، ورک پرمٹ، وزیٹر ویزا، بزنس، امیگریشن، سٹوڈنٹ ویزا، صوبائی نامزدگی  .پروگرام،  زوجیت ویزا  وغیرہ

نوٹ:
ہم امیگریشن کنسلٹنٹ نہیں ہیں اور نہ ہی ایجنٹ، ہم آپ کو RCIC امیگریشن کنسلٹنٹس اور امیگریشن وکلاء کی طرف سے فراہم کردہ معلومات فراہم کریں گے۔

ہمیں Urduworldcanada@gmail.com پر میل بھیجیں۔

    📰 اقوامِ متحدہ سے تازہ ترین اردو خبریں