اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما امجد حسین ایڈووکیٹ گلگت بلتستان کے پانچویں وزیراعلیٰ منتخب ہو گئے، جبکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے حافظ حفیظ الرحمان کو گلگت بلتستان اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر منتخب کر لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق امجد حسین ایڈووکیٹ کا تعلق پاکستان پیپلز پارٹی سے ہے اور وہ پارٹی کے سینئر رہنماؤں میں شمار ہوتے ہیں۔ ان کے والد مرحوم آصف خان بھی پیپلز پارٹی کے بااثر رہنما رہے ہیں۔
نومنتخب وزیراعلیٰ نے ابتدائی تعلیم حاصل کرنے کے بعد پنجاب یونیورسٹی سے قانون کی ڈگری حاصل کی اور 1996 میں طلبہ سیاست سے اپنے سیاسی سفر کا آغاز کیا۔
امجد حسین ایڈووکیٹ گلگت بلتستان بار کونسل کے رکن اور سپریم اپیلیٹ کورٹ کے سینئر وکیل بھی رہ چکے ہیں۔ وہ 2010 سے 2015 تک گلگت بلتستان کونسل کے رکن رہے، جبکہ 2016 میں انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کی صوبائی صدارت سنبھالی۔
2020 کے عام انتخابات میں انہوں نے دو حلقوں سے کامیابی حاصل کی، جس کے بعد ان کا سیاسی قد مزید بلند ہوا۔ اب وزیراعلیٰ منتخب ہونے کے بعد وہ گلگت بلتستان کی قیادت سنبھالیں گے۔
دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے رہنما حافظ حفیظ الرحمان گلگت بلتستان اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر منتخب ہو گئے ہیں۔نومنتخب وزیراعلیٰ امجد حسین ایڈووکیٹ کی حلف برداری کی تقریب کی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔