اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور ایران کے وزیر داخلہ اسکندر مومنی کے درمیان اہم ملاقات ہوئی جس میں پاک ایران تعلقات، علاقائی سلامتی کی صورتحال اور حالیہ سفارتی پیش رفت پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے خطے میں کشیدگی میں کمی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے دوطرفہ روابط اور تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
اس موقع پر محسن نقوی نے سوئٹزرلینڈ کے شہر برگن اسٹاک میں جاری ہونے والے مشترکہ اعلامیے پر ایرانی قیادت کو مبارکباد دی اور کہا کہ یہ پیش رفت ایران کی قیادت اور حکومت کی سنجیدہ کاوشوں کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے اور دنیا میں امن و استحکام کے فروغ کا حامی ہے اور مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن کے لیے اپنی مثبت کوششیں جاری رکھے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ حالیہ امن معاہدے کے خطے پر دور رس اور مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔
ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی نے پاکستان میں قیام کے دوران ملنے والی میزبانی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ جلد پاکستان کا تفصیلی دورہ کریں گے تاکہ دونوں ممالک کی وزارت داخلہ کے درمیان تعاون کو مزید وسعت دی جا سکے۔
ملاقات میں سلامتی، دہشت گردی کے انسداد، سائبر تحفظ، امیگریشن اور دیگر باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
ایرانی وزیر داخلہ نے ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکراتی عمل میں پاکستان کے کردار اور پاکستانی عوام کی جانب سے اظہارِ یکجہتی کو سراہتے ہوئے اس کی تعریف کی۔ملاقات میں وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری، سیکرٹری داخلہ اور دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔