اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)بھارت میں پیدا ہونے والے اور برطانیہ میں مقیم معروف فلم ساز سائرس پٹیل کے اسلام قبول کرنے کی خبر نے سوشل میڈیا اور فلمی حلقوں میں توجہ حاصل کر لی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سائرس پٹیل نے اسلام قبول کر لیا ہے، جبکہ ان کے اسلام قبول کرنے کا سرٹیفکیٹ بھی سوشل میڈیا پر گردش کر رہا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ سرٹیفکیٹ لندن کی مرکزی مسجد اور اسلامی ثقافتی مرکز کی جانب سے جاری کیا گیا۔
سعودی عرب کی جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے سربراہ ترکی آل الشیخ نے بھی اس حوالے سے سوشل میڈیا پر اظہارِ خیال کیا۔ ان کے مطابق سائرس پٹیل نے سعودی عرب میں ایک فلمی منصوبے پر کام کے دوران وہاں کچھ عرصہ گزارا، جس کے بعد انہوں نے اسلام قبول کرنے کا فیصلہ کیا۔
اس پیش رفت کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے سائرس پٹیل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا جا رہا ہے، جبکہ یہ خبر فلمی اور تفریحی حلقوں میں بھی موضوعِ گفتگو بنی ہوئی ہے۔
سائرس پٹیل ممبئی میں پیدا ہوئے اور 1999 سے برطانیہ میں مقیم ہیں۔ انہوں نے بین الاقوامی فلمی صنعت میں بطور لائن پروڈیوسر اور پروڈکشن منیجر خدمات انجام دیں اور متعدد بڑے فلمی منصوبوں کا حصہ رہے ہیں۔
حالیہ برسوں میں عالمی شہرت یافتہ شخصیات کے اسلام قبول کرنے کی خبروں کے بعد سائرس پٹیل کا اسلام قبول کرنا بھی بین الاقوامی سطح پر توجہ حاصل کر رہا ہے۔