9 محرم الحرام، ملک بھر میں ماتمی جلوسوں کا آغاز، سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات

اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے ملک بھر میں 9 محرم الحرام کے ماتمی جلوس برآمد ہونا شروع ہو گئے ہیں۔ مختلف شہروں میں عزاداروں کی آمد کے پیش نظر سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے ہیں، جبکہ جلوسوں کے راستوں پر پولیس، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار بڑی تعداد میں تعینات ہیں۔

انتظامیہ کے مطابق جلوسوں کے داخلی اور خارجی راستوں کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے۔ حساس مقامات پر واک تھرو گیٹس، سی سی ٹی وی کیمروں اور دیگر جدید نگرانی کے نظام سے سکیورٹی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ کئی شہروں میں خصوصی ٹریفک پلان نافذ کر دیا گیا ہے جبکہ بعض علاقوں میں موبائل فون سروس بھی جزوی طور پر معطل رہے گی۔

لاہور

لاہور میں نویں محرم کا مرکزی ماتمی جلوس پانڈو اسٹریٹ اسلام پورہ سے برآمد ہوا۔ جلوس اپنے روایتی راستوں، جن میں سراج بلڈنگ، اسلام پورہ چوک، نیلی باغ چوک اور دیگر مقامات شامل ہیں، سے گزرتا ہوا پرانی انارکلی پہنچے گا۔

اس کے بعد جلوس اے جی آفس اور بابا موج دریا روڈ سے ہوتا ہوا امام بارگاہ خیمہ سادات پہنچے گا، جہاں مجلسِ عزا اور نمازِ مغربین کی ادائیگی کے بعد جلوس دوبارہ اپنے مقررہ راستے پر روانہ ہو کر پانڈو اسٹریٹ میں اختتام پذیر ہوگا۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مرکزی جلوس امام بارگاہ جی-6 اثنا عشریٰ سے برآمد ہوگا۔ انتظامیہ نے جلوس کے روٹ کو مکمل طور پر بند کر دیا ہے اور سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔

کراچی

کراچی میں مرکزی ماتمی جلوس دوپہر ایک بجے نشتر پارک سے روانہ ہوگا۔ اس سے قبل صبح 10 بجے نشتر پارک میں مرکزی مجلسِ عزا منعقد ہوگی، جس سے خطیبِ پاکستان علامہ شہنشاہ حسین نقوی خطاب کریں گے۔

بعد ازاں جلوس پاک حیدری اسکاؤٹس کی قیادت میں اپنے روایتی راستوں سے گزرتا ہوا شاہنواز بھٹو روڈ، ایم اے جناح روڈ اور نمائش چورنگی سے آگے بڑھے گا۔ اس دوران امام بارگاہ علی رضا کے سامنے نمازِ ظہرین ادا کی جائے گی، جبکہ جلوس کھارادر میں واقع حسینیہ ایرانیاں امام بارگاہ پر اختتام پذیر ہوگا۔

ملتان

ملتان میں مرکزی ماتمی جلوس امام بارگاہ ممتاز آباد سے برآمد ہوگا۔ انتظامیہ کے مطابق جلوس کی مکمل نگرانی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے کی جا رہی ہے۔

پشاور

پشاور میں بھی نویں محرم کے موقع پر مختلف امام بارگاہوں سے متعدد مرکزی ماتمی جلوس نکالے جائیں گے، جن کے لیے سکیورٹی اور انتظامی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

پہلا اور دوسرا مرکزی جلوس سہ پہر 4 بجے امام بارگاہ بی بی صاحبہ تحصیل اور امام بارگاہ قمر بنی ہاشم سٹی ریلوے اسٹیشن سے برآمد ہوں گے، جبکہ تیسرا جلوس امام بارگاہ سائیں زرین، امامیہ کالونی گلبہار سے شام 4 بج کر 30 منٹ پر روانہ ہوگا۔

اس کے بعد مختلف اوقات میں امام بارگاہ پتھر والا محلہ ہودہ گنج، حسین آباد جہانگیر پورہ، سید عالم شاہ جعفری کوچی بازار، آغا سید نجف علی شاہ کوچی بازار، آغا بہادر علی محلہ جٹاں یکہ توت، حاجی ملک رحمن محلہ مروی ہا، اخوند آباد نو بجوڑی چرچ روڈ، علمدار کربلا کوچہ رسالدار قصہ خوانی اور محلہ حسینیہ اسٹریٹ ہشت نگری سمیت دیگر امام بارگاہوں سے بھی ماتمی جلوس برآمد ہوں گے۔

اسی طرح امام بارگاہ جعفریہ اسٹریٹ ہشت نگری، آل سادات محلہ باقر شاہ، حسینیہ ہال پشاور صدر، آغا سید مصطفیٰ شاہ محلہ خداداد اور سید میر حیدر شاہ جہانگیر پورہ سے بھی مختلف اوقات میں جلوس نکالے جائیں گے۔

کوئٹہ

کوئٹہ میں نویں محرم کا شبیہ ذوالجناح کا مرکزی جلوس دوپہر 2 بجے امام بارگاہ ناصرالعزا سے برآمد ہوگا۔ سکیورٹی خدشات کے پیش نظر شہر میں موبائل فون سروس معطل کر دی گئی ہے۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق جلوسوں کے تمام راستوں پر سخت حفاظتی اقدامات کیے گئے ہیں۔ گزرگاہوں سے ملحقہ گلیوں اور سڑکوں کو کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا ہے جبکہ جلوس کے راستے میں آنے والی مارکیٹیں اور دکانیں بھی عارضی طور پر بند رہیں گی۔

حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ جلوسوں کے دوران جاری ٹریفک پلان پر مکمل عمل کریں، متبادل راستے اختیار کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں تاکہ عزاداری کے اجتماعات پرامن اور منظم انداز میں مکمل ہو سکیں۔

اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو  800 سے 1,200 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنا مختصر  تعارف کے ساتھ URDUWORLDCANADA@GMAIL.COM پر ای میل کردیجیے۔

امیگریشن سے متعلق سوالات کے لیے ہم سے رابطہ کریں۔

کینیڈا کا امیگریشن ویزا، ورک پرمٹ، وزیٹر ویزا، بزنس، امیگریشن، سٹوڈنٹ ویزا، صوبائی نامزدگی  .پروگرام،  زوجیت ویزا  وغیرہ

نوٹ:
ہم امیگریشن کنسلٹنٹ نہیں ہیں اور نہ ہی ایجنٹ، ہم آپ کو RCIC امیگریشن کنسلٹنٹس اور امیگریشن وکلاء کی طرف سے فراہم کردہ معلومات فراہم کریں گے۔

ہمیں Urduworldcanada@gmail.com پر میل بھیجیں۔

    📰 اقوامِ متحدہ سے تازہ ترین اردو خبریں