اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اپنی سرزمین پر بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے تمام ریاستی ادارے متحد ہو کر کام کر رہے ہیں۔
پاک بحریہ کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس کو مبارکباد دی اور دوست ممالک سے تعلق رکھنے والے کیڈٹس کی تقریب میں شرکت کو خوش آئند قرار دیا۔
انہوں نے ملکی دفاع میں پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نیوی نے ہر آزمائش میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ "معرکۂ حق” میں پاک بحریہ کا کردار ہمیشہ تاریخ میں یاد رکھا جائے گا۔
وزیراعظم نے ایران اور امریکہ کے درمیان حالیہ مفاہمتی پیش رفت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں معاہدے پر دستخط پاکستان کے لیے باعثِ اعزاز ہیں۔ انہوں نے اس کامیابی کو پاکستان کی مؤثر اور مخلصانہ سفارت کاری کا نتیجہ قرار دیا اور خطے میں امن کے قیام کے لیے فیلڈ مارشل، آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی کوششوں کو بھی سراہا۔
شہباز شریف نے کہا کہ خطے میں تیزی سے رونما ہونے والی تبدیلیاں دور رس اثرات مرتب کریں گی۔ ان کے بقول مشرقی ہمسایہ ملک شکست خوردہ سوچ کے تحت پراکسی عناصر کا سہارا لے رہا ہے، تاہم پاکستان اپنی مسلح افواج کے تعاون سے بیرونی حمایت یافتہ دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔
وزیراعظم نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان کے حالیہ دورۂ پاکستان کو دونوں ممالک کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات اور پاکستان کی بڑھتی ہوئی علاقائی اہمیت کا مظہر قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ عالمی سطح پر امن، استحکام اور باہمی احترام کی پالیسی پر کاربند رہا ہے اور آئندہ بھی رہے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر اور فلسطین کے عوام کے حقِ خودارادیت اور جائز حقوق کی حمایت ہر بین الاقوامی فورم پر بھرپور انداز میں جاری رکھے گا۔