اردوورلڈ کینیڈا( ویب نیوز)مالی سال 2025-26 کے دوران پاکستانی صارفین کو ملکی تاریخ کا مہنگا ترین پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل خریدنا پڑا، جبکہ اسی عرصے میں پیٹرولیم لیوی کا ریکارڈ بوجھ بھی عوام پر منتقل کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق 30 جون کو ختم ہونے والے مالی سال میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا، جس کے باعث شہری مہنگے ترین ایندھن کی خریداری پر مجبور رہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 2025-26 کے دوران حکومتی فیصلوں کے نتیجے میں ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں مجموعی طور پر 257 روپے 76 پیسے فی لیٹر تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اسی عرصے میں پیٹرول کی قیمت میں بھی 199 روپے 98 پیسے فی لیٹر تک اضافہ ہوا، جس سے پہلے ہی مہنگائی کے بوجھ تلے دبے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوا۔
رپورٹ کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یہ ریکارڈ اضافہ ملکی معاشی صورتحال میں ایک اہم تبدیلی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جبکہ مالی سال کے دوران عوام سے پیٹرولیم لیوی کی مد میں بھی تاریخی وصولیاں کی گئیں۔