البرٹا حکومت کا انرجی ریبیٹ پروگرام متعارف، اہل شہریوں کو 100 ڈالر کی مالی معاونت ملے گی

اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)کینیڈا کے صوبہ البرٹا کی حکومت نے گروسری، ایندھن اور روزمرہ استعمال کی دیگر ضروری اشیاء کی بڑھتی ہوئی قیمتوں سے شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے نیا البرٹا انرجی ریبیٹ پروگرام متعارف کرا دیا ہے۔ اس پروگرام کے تحت اہل شہری یکم جولائی 2026 سے حکومت کے محفوظ آن لائن پورٹل کے ذریعے درخواست دے کر 100 ڈالر کی مالی معاونت حاصل کر سکیں گے۔

حکومت کے مطابق نیا انرجی ریبیٹ پروگرام یکم جولائی سے فیول ٹیکس ریلیف پروگرام کی جگہ لے گا۔ حکام کا کہنا ہے کہ نئی اسکیم کے تحت ہر فرد کو اوسطاً تین ماہ کے دوران فیول ٹیکس میں ملنے والی بچت کے مقابلے میں تقریباً 50 فیصد زیادہ فائدہ حاصل ہوگا، جبکہ شہری اپنی ضرورت کے مطابق اس رقم کو خرچ کرنے میں زیادہ آزادی اور سہولت بھی حاصل کریں گے۔

ریبیٹ حاصل کرنے کے لیے درخواست گزار کی عمر یکم جولائی 2026 تک کم از کم 18 سال ہونی چاہیے، وہ البرٹا کا رہائشی ہو، اس نے 2025 کا ٹیکس ریٹرن جمع کرایا ہو اور اس کے گھرانے کی مجموعی آمدنی 225 ہزار ڈالر یا اس سے کم ہو۔

حکومت نے واضح کیا ہے کہ البرٹا سینئرز بینیفٹ حاصل کرنے والے افراد، AISH (Assured Income for the Severely Handicapped)، البرٹا ڈس ایبلٹی اسسٹنس پروگرام (ADAP) میں منتقل ہونے والے افراد اور انکم سپورٹ کے مستحقین کو ریبیٹ حاصل کرنے کے لیے درخواست دینے کی ضرورت نہیں ہوگی، کیونکہ انہیں خودکار طور پر پروگرام میں شامل کیا جائے گا۔

حکومت کی وضاحت کے مطابق اس پروگرام کے لیے "گھرانہ” سے مراد ایک فرد یا شادی شدہ یا کامن لا رشتے میں رہنے والے دو افراد ہیں۔ تاہم ایک ہی پتے پر رہنے والے ایسے بالغ افراد جو شادی شدہ یا کامن لا پارٹنر نہیں ہیں، مثلاً روم میٹس، 18 سال سے زائد عمر کے بچے یا خاندان کے دیگر بالغ افراد، الگ گھرانے تصور کیے جائیں گے اور ہر بالغ فرد کو ریبیٹ حاصل کرنے کے لیے الگ درخواست دینا ہوگی۔

گھریلو آمدنی کا تعین 2025 کے ٹیکس ریٹرن میں کینیڈا ریونیو ایجنسی کو فراہم کردہ معلومات کی بنیاد پر کیا جائے گا۔ اس میں کل آمدنی سے پنشن تقسیم، ٹیوشن اخراجات اور مخصوص طبی اخراجات منہا کر کے گھرانے کی آمدنی کا حساب لگایا جائے گا۔

درخواست دینے کے لیے شہریوں کو پہلے اپنے تصدیق شدہ Alberta.ca اکاؤنٹ میں لاگ ان کرنا ہوگا یا نیا اکاؤنٹ بنا کر اس کی تصدیق مکمل کرنی ہوگی۔ اس کے بعد یکم جولائی سے کھلنے والے آن لائن پورٹل کے ذریعے درخواست جمع کرائی جا سکے گی۔

البرٹا حکومت کے مطابق کامیاب درخواست گزاروں کو درخواست جمع کرانے کے بعد 14 دن کے اندر 100 ڈالر کی ریبیٹ رقم فراہم کر دی جائے گی۔

اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو  800 سے 1,200 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنا مختصر  تعارف کے ساتھ URDUWORLDCANADA@GMAIL.COM پر ای میل کردیجیے۔

امیگریشن سے متعلق سوالات کے لیے ہم سے رابطہ کریں۔

کینیڈا کا امیگریشن ویزا، ورک پرمٹ، وزیٹر ویزا، بزنس، امیگریشن، سٹوڈنٹ ویزا، صوبائی نامزدگی  .پروگرام،  زوجیت ویزا  وغیرہ

نوٹ:
ہم امیگریشن کنسلٹنٹ نہیں ہیں اور نہ ہی ایجنٹ، ہم آپ کو RCIC امیگریشن کنسلٹنٹس اور امیگریشن وکلاء کی طرف سے فراہم کردہ معلومات فراہم کریں گے۔

ہمیں Urduworldcanada@gmail.com پر میل بھیجیں۔

    📰 اقوامِ متحدہ سے تازہ ترین اردو خبریں