اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی یوم پارلیمان کے موقع پر جمہوری اداروں کے استحکام، آئین کی بالادستی، پارلیمانی طرزِ حکومت، قانون کی حکمرانی اور فیصلہ سازی میں عوام کی بامعنی شمولیت کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا ہے۔
اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ آئینِ پاکستان جمہوری نظام حکومت اور جمہوری اقدار کی ضمانت فراہم کرتا ہے۔ ان کے مطابق آئین کی حقیقی روح کے تحت اقتدار کا سرچشمہ عوام ہیں، جبکہ منتخب نمائندے عوام کے اس اختیار کو ان کی خدمت اور فلاح و بہبود کے لیے ایک مقدس امانت کے طور پر استعمال کرتے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ پارلیمان وہ آئینی فورم ہے جہاں عوام کی نمائندگی کرتے ہوئے قومی اہمیت کے مسائل پر قانون سازی کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام طبقات اور گروہوں کی جامع شمولیت اور مؤثر نمائندگی کے حوالے سے پاکستان کی پارلیمانی جمہوریت نے نمایاں پیش رفت کی ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمان ایک حقیقی نمائندہ ادارے کے طور پر خواتین، اقلیتوں، چھوٹے صوبوں اور دیگر محروم طبقات کی مؤثر آواز کو بھی شامل کرتی ہے۔ ان کے بقول قومی اسمبلی اور سینیٹ میں خواتین اور غیر مسلم شہریوں کے لیے مخصوص نشستیں اسی آئینی عزم کی عکاس ہیں، جبکہ سینیٹ وفاقی اکائیوں کو مساوی نمائندگی فراہم کرکے پاکستان کے وفاقی نظام کو مزید مضبوط بناتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شفافیت، معلومات تک عوامی رسائی اور جدید پارلیمانی روایات جمہوریت کے بنیادی تقاضے ہیں۔ وزیراعظم کے مطابق پاکستان کی پارلیمان نے قانون سازی، پارلیمانی مباحث، کمیٹی رپورٹس اور دیگر اہم دستاویزات کو عوامی دسترس میں لا کر اس حوالے سے اہم پیش رفت کی ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان کی پارلیمان بین الاقوامی پارلیمانی سفارت کاری میں بھی فعال کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بین الپارلیمانی یونین، پارلیمانی فرینڈشپ گروپس اور دیگر عالمی فورمز میں شرکت کے ذریعے پاکستان عالمی امن، مکالمے، پائیدار ترقی، انسانی حقوق، صنفی مساوات اور بین الاقوامی تعاون کے فروغ کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کر رہا ہے۔