اردوورلڈ کینیڈا(ویب نیوز)ایران کی خاتم الانبیا بریگیڈ نے اسرائیل اور امریکا کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر شہید سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے جنازے کے دوران کسی قسم کا حملہ کیا گیا تو ایران اس کا نہایت سخت جواب دے گا۔
خاتم الانبیا بریگیڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ مخالفین آیت اللہ علی خامنہ ای کے جنازے کے دوران کسی بھی کارروائی سے پہلے دو بار سوچیں، کیونکہ ایسے کسی بھی اقدام کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔
آیت اللہ علی خامنہ ای کی نماز جنازہ کل تہران میں ادا کی جائے گی، جس میں متعدد سربراہانِ مملکت سمیت دنیا کے 100 سے زائد ممالک کے نمائندوں کی شرکت متوقع ہے۔
بیان کے مطابق نماز جنازہ کے بعد آیت اللہ علی خامنہ ای کے جسد خاکی کو تہران سے قم، پھر نجف اور کربلا لے جایا جائے گا، جس کے بعد میت کو دوبارہ ایران منتقل کر کے مشہد میں سپردِ خاک کیا جائے گا۔
ایرانی حکام کے مطابق جنازے کے جلوس میں ایک کروڑ سے زائد افراد کی شرکت متوقع ہے۔
دریں اثنا، آیت اللہ سید علی خامنہ ای کا جسد خاکی نماز جنازہ کی ادائیگی کے لیے تہران کے جنوبی علاقے میں واقع امام خمینی حسینیہ منتقل کر دیا گیا ہے۔