اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) امدادی کارروائیاں تیزی سے جاریکاراکاس: وینزویلا میں آنے والے تباہ کن زلزلوں کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی تعداد بڑھ کر 3 ہزار 342 ہوگئی ہے ۔
متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں مسلسل جاری ہیں۔وینزویلا کی وزارتِ اطلاعات و نشریات کے مطابق 24 جون کو ملک میں 7.2 اور 7.5 شدت کے دو طاقتور زلزلے آئے، جنہوں نے متعدد شہروں اور دیہی علاقوں میں بڑے پیمانے پر تباہی مچائی۔ زلزلوں کے باعث رہائشی عمارتیں، سڑکیں، پل اور دیگر بنیادی ڈھانچے شدید متاثر ہوئے، جبکہ ہزاروں افراد بے گھر ہوگئے۔
سرکاری حکام نے تصدیق کی ہے کہ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق ہلاکتوں کی تعداد 3 ہزار 342 تک پہنچ چکی ہے، جبکہ زخمیوں اور لاپتا افراد کی تلاش کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے امدادی ٹیمیں شب و روز کام کر رہی ہیں، جس کے باعث ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔
متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں کے لیے 3 ہزار سے زائد بین الاقوامی امدادی کارکن اور 30 ہزار مقامی اہلکار حصہ لے رہے ہیں۔ ریسکیو ٹیمیں جدید آلات کی مدد سے ملبہ ہٹا رہی ہیں، جبکہ متاثرین کو خوراک، صاف پانی، طبی سہولیات اور عارضی رہائش فراہم کرنے کے اقدامات بھی جاری ہیں۔حکومت نے متاثرہ علاقوں میں ہنگامی صورتحال نافذ کر رکھی ہے اور عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ امدادی اداروں کے ساتھ تعاون کریں اور غیر ضروری طور پر متاثرہ مقامات کا رخ نہ کریں تاکہ امدادی سرگرمیوں میں رکاوٹ نہ آئے۔