اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)کینیڈا کے شہر مونٹریال میں گزشتہ ماہ ڈیوٹی کے دوران جان کی قربانی دینے والے پولیس افسر محمد لامین بن ردوان کو ایک ایسے ہیرو کے طور پر خراجِ عقیدت پیش کیا گیا جس نے اپنی زندگی کے آخری لمحات میں بے شمار لوگوں کی جانیں بچائیں۔
34 سالہ محمد لامین بن ردوان 22 جون کو مونٹریال کے کوٹ دے نیژ (Côte-des-Neiges) علاقے میں ایک حملہ آور کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے کے دوران شہید ہوگئے تھے۔
محمد لامین بن ردوان نے 2021 میں مونٹریال پولیس (SPVM) میں شمولیت اختیار کی تھی۔ وہ ایک کمسن بچے کے والد تھے جبکہ ان کے ہاں دوسرے بچے کی پیدائش بھی متوقع تھی۔ وہ گزشتہ 24 برسوں میں مونٹریال میں ڈیوٹی کے دوران شہید ہونے والے پہلے پولیس افسر تھے۔
منگل کے روز ان کی یاد میں ایک خصوصی تعزیتی تقریب اور جلوس کا انعقاد کیا گیا، جس میں ان کے اہلِ خانہ، اعلیٰ حکام اور ملک بھر سے آنے والے ہزاروں پولیس اہلکاروں نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کی بڑی بہن امیرا نے جذباتی انداز میں کہا کہ ان کے بھائی نے سانحے کے مقام پر بے شمار لوگوں کی جانیں بچانے کے لیے اپنی جان قربان کر دی۔
انہوں نے کہا، "میں سب کو بتانا چاہتی ہوں کہ میرا بھائی ایک غیرمعمولی انسان تھا۔ وہ ایک خیال رکھنے والا بھائی، والدین کا فرمانبردار بیٹا، محبت کرنے والا شوہر، شفیق چچا اور ایک مثالی باپ تھا۔”
امیرا نے مزید کہا، "مجھے ہمیشہ تم پر فخر رہے گا، اس بچے پر جو تم تھے، اس انسان پر جو تم بنے، اس پولیس افسر پر جس کا راستہ تم نے خود چنا، اور تمہاری بہادری اور دیانت داری پر بھی۔”
انہوں نے کہا کہ محمد لامین بن ردوان نے دوسروں کی حفاظت کے لیے اپنی زندگی وقف کر دی اور آخری لمحے تک پوری عزت اور فرض شناسی کے ساتھ اپنی ذمہ داری نبھائی۔