اردو ورلڈ کینیڈا (و یب نیوز ) ایران اور امریکا کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات اب کینیڈا میں بھی محسوس کیے جانے لگے ہیں۔
توانائی کے شعبے سے وابستہ ماہرین نے پیش گوئی کی ہے کہ گریٹر ٹورنٹو ایریا (جی ٹی اے) سمیت مختلف علاقوں میں جمعہ سے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔ماہرین کے مطابق پٹرول کی قیمت میں تقریباً 5 سینٹ فی لیٹر اضافے کے بعد اس کی اوسط قیمت 169.9 سینٹ فی لیٹر تک پہنچ سکتی ہے، جبکہ ڈیزل کی قیمت میں بھی تقریباً 13 سینٹ فی لیٹر اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
توانائی کے تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی نے عالمی تیل مارکیٹ کو غیر یقینی صورتحال سے دوچار کر دیا ہے۔ خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل اتار چڑھاؤ کے باعث ایندھن کی مقامی قیمتیں بھی متاثر ہو رہی ہیں، جس کا براہ راست بوجھ صارفین پر پڑ سکتا ہے۔ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اگر ایران اور امریکا کے درمیان تنازع مزید شدت اختیار کرتا ہے اور خطے کی صورتحال میں بہتری نہ آئی تو آئندہ چند روز کے دوران پٹرول کی قیمت میں مزید 10 سے 15 سینٹ فی لیٹر تک اضافے کا امکان موجود ہے۔
انہوں نے گاڑی مالکان کو مشورہ دیا ہے کہ متوقع اضافے سے پہلے اپنی گاڑیوں میں ایندھن بھروا لیں تاکہ بڑھتی ہوئی قیمتوں کے اثرات کو کسی حد تک کم کیا جا سکے۔توانائی کی عالمی منڈی پر نظر رکھنے والے تجزیہ کاروں کے مطابق مشرق وسطیٰ کی صورتحال آئندہ چند دنوں میں ایندھن کی قیمتوں کے تعین میں اہم کردار ادا کرے گی، جبکہ عالمی سطح پر خام تیل کی رسد اور طلب میں ہونے والی تبدیلیاں بھی قیمتوں پر اثر انداز ہوں گی۔