اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیرِ اعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے جدہ میں کینیڈا کے وزیرِ اعظم مارک کارنی کا خیرمقدم کیا۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان اہم ملاقات میں باہمی تعلقات، علاقائی صورتحال اور عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچنے والے کینیڈین وزیرِ اعظم کا جدہ میں پرتپاک استقبال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے سعودی عرب اور کینیڈا کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے امکانات کا جائزہ لیا اور باہمی مفادات سے متعلق متعدد امور پر گفتگو کی۔
مذاکرات میں مشرقِ وسطیٰ کی تازہ صورتحال، عالمی امن، اقتصادی تعاون اور باہمی شراکت داری کے فروغ سمیت اہم علاقائی اور بین الاقوامی معاملات زیرِ بحث آئے۔ دونوں رہنماؤں نے مختلف شعبوں میں روابط کو مضبوط بنانے اور مشترکہ مفادات کے تحفظ کے لیے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔اس موقع پر سعودی عرب اور کینیڈا کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے متعدد مفاہمتی یادداشتوں (ایم او یوز) پر بھی دستخط کیے گئے۔
ان معاہدوں کا مقصد تجارت، سرمایہ کاری اور دیگر باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا اور دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم بنانا ہے۔تجزیہ کاروں کے مطابق یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب خطے میں تیزی سے بدلتی ہوئی صورتحال کے باعث اہم عالمی شراکت داروں کے درمیان سفارتی رابطوں اور تعاون کی اہمیت میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔