اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں عراقی وزیراعظم علی الزیدی سے ملاقات کے دوران انہیں ایک مؤثر رہنما قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مختصر عرصے میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔
ملاقات کے بعد گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ علی الزیدی نے اپنی قیادت میں اچھا کام کیا ہے اور ان کا خیال ہے کہ وہ طویل عرصے تک اپنے منصب پر برقرار رہیں گے۔ انہوں نے عراق کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امریکی تیل کمپنیاں جلد عراق میں سرمایہ کاری اور کام کا آغاز کریں گی۔
امریکی صدر نے مزید کہا کہ امریکا عراق کے ساتھ مضبوط شراکت داری کا خواہاں ہے اور اگر عراق کو سلامتی کے حوالے سے کسی تعاون کی ضرورت پڑی تو امریکا اس کے ساتھ کھڑا ہوگا۔
اس موقع پر عراقی وزیراعظم علی الزیدی نے کہا کہ ان کی حکومت ریاستی عمل داری کو مضبوط بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ عراق میں صرف سرکاری سکیورٹی فورسز کو اسلحہ رکھنے کا اختیار ہوگا اور کسی تنظیم، جماعت یا گروہ کو مسلح ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔علی الزیدی کا کہنا تھا کہ عراق ماضی کے تنازعات کے بجائے مستقبل کی تعمیر، استحکام اور ترقی پر توجہ دینا چاہتا ہے، جبکہ حکومت قانون کی حکمرانی اور ریاستی اداروں کی مضبوطی کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔