اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)امریکی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران میں زمینی فوج بھیجنے کے امکان پر غور کر رہے ہیں۔
اخبار نے امریکی حکام کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ وائٹ ہاؤس میں آبنائے ہرمز کے قریب واقع بعض ایرانی جزائر پر زمینی فوج اتار کر کنٹرول حاصل کرنے کے آپشن کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کو جلد شکست دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران مذاکرات کا خواہاں ہے اور معاملہ طے کرنا چاہتا ہے، ہم دیکھیں گے کہ ان کے ساتھ کوئی سمجھوتہ کیا جا سکتا ہے یا نہیں۔
اس سے قبل بھی ٹرمپ نے ایک بیان میں کہا تھا کہ انہیں کسی ڈیڈ لائن کا تعین کرنا پسند نہیں اور ایران کو اپنا رویہ بہتر بنانا چاہیے۔
ٹرمپ کے حالیہ بیانات کو امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے، جہاں حالیہ ہفتوں کے دوران دونوں ممالک کے درمیان سفارتی اور عسکری تناؤ میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
نوٹ: خبر کے ابتدائی دعوے کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہوئی، اور یہ امریکی اخبار کی رپورٹ اور نامعلوم امریکی حکام کے حوالے سے سامنے آیا ہے۔