توہین عدالت کیس میں رانا ثنا اللہ کے بیان کا ٹرانسکرپٹ جمع کرا دیا گیا۔سپریم کورٹ میں تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی کو دھمکیاں دینے پر پرویز الہی کی رانا ثنا اللہ، عطا تارڑ، مریم اورنگزیب کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ عدالت نے رانا ثنا اللہ کے بیان کی اخباری رپورٹ اور ٹی وی ٹاک شو کا ٹرانسکرپٹ طلب کر لیا۔
پرویز الہی کے وکیل نے کہا کہ پی ٹی آئی کے اراکین صوبائی اسمبلی کو پریس کانفرنس اور ٹاک شو کے ذریعے دھمکیاں دی گئیں۔
عدالت نے پریس کانفرنس، ٹاک شو میں ہونے والی گفتگو کا اصل ٹرانسکرپٹ طلب کرلیا۔ جس پر پی ٹی آئی کے وکلا نے رانا ثنا اللہ کے 18 جولائی کی پریس کانفرنس سے لیے گئے بیان کا ٹرانسکرپٹ جمع کرادیا۔ انہوں نے استدعا کی کہ کیس کی سماعت کل کے لیے مقرر کی جائے۔
درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ حکام یکم جولائی کے سپریم کورٹ کے فیصلے کی خلاف ورزی کر رہے ہیں جس پر ان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔