اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )پاکستان مسلم لیگ نواز کے سینئر نائب صدر اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کے آج کے فیصلے نے ثابت کر دیا ہے کہ سب سے بڑا چور عمران خان اور چور پارٹی پی ٹی آئی ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کا قانون ایک بھی غیر قانونی اکاؤنٹ کی اجازت نہیں دیتا، لیکن یہاں ایک طویل تفصیل ہے، 34 غیر ملکیوں اور 351 کمپنیوں سے فنڈنگ لی گئی۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کو فنڈز دینے والوں میں اسرائیلی اور بھارتی بھی شامل ہیں۔ امریکہ سے ملنے والی فنڈنگ کی ایک لمبی تفصیل ہے۔ ان معاملات کی مزید تفتیش کی جائے گی تو بڑے حقائق سامنے آئیں گے۔ تفصیلی فیصلہ پڑھیں۔ بعد میں مزید حقائق سے قوم کو آگاہ کیا جائے گا۔
شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ میں نے کئی بار کہا کہ عمران خان مجھے ایک سچ بتائیں جو انہوں نے کہا ہے، عمران خان نے 150 کروڑ روپے غیر قانونی طریقے سے لیے، اگر یہ فلاحی رقم تھی تو سیاسی جماعت کے اکاؤنٹ میں 55 کروڑ کیسے آئے؟ ،عمران خان نے قوم اور الیکشن کمیشن سے جھوٹ بولا۔