اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)بلوچستان میں سیلاب اور مون سون بارشوں سے مزید 5 افراد جاں بحق ہو گئے جس کے بعد منگل کو ہلاکتوں کی تعداد 230 ہو گئی۔
پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق بلوچستان کے مختلف علاقوں میں حالیہ مون سون بارشوں اور سیلاب سے ہلاکتوں کی تعداد 230 ہو گئی ہے، جن میں 110 مرد، 55 خواتین اور 65 بچے شامل ہیں جب کہ 98 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ شدید بارشوں سے 107,377 مویشیوں کا نقصان ہوا۔ پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ صوبے میں بارشوں سے 26,897 مکانات کو نقصان پہنچا جن میں سے 7,267 مکانات مکمل طور پر تباہ جبکہ 19,630 مکانات کو جزوی نقصان پہنچا۔
پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ سیلاب کی وجہ سے 710 کلومیٹر لمبائی والی چھ مختلف شاہراہوں اور 18 پلوں کو نقصان پہنچا۔ پی ڈی ایم اے متاثرہ اضلاع میں امدادی کارروائیاں کر رہی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کوئٹہ، جعفرآباد، نصیر آباد، زیارت، دکی اور صحبت پور کے متاثرہ اضلاع میں متاثرین میں کم از کم 555 خیمے، 650 فوڈ پیکٹ، 50 کمبل، 100 چٹائیاں اور 50 مچھر دانیاں تقسیم کی گئیں۔