ارد ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز) وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے خبردار کیا ہے کہ وفاقی قانون نافذ کرنے والے ادارے اسلام آباد پر کسی بھی مسلح گروپ کے حملے کو ناکام بنانے کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نیازی اور ان کے گمراہ کارکن ملک میں انتشار اور افراتفری پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ پولیس اور ایف سی اہلکار لانگ مارچ کے شرکاء کو منتشر کرنے کے لیے صرف آنسو گیس اور ربڑ کی گولیوں کا استعمال کریں گے لیکن اطلاعات کے مطابق پی ٹی آئی کی قیادت وفاقی دارالحکومت پر حملہ کرنے کے لیے گولہ بارود اور مسلح افراد جمع کر رہی ہے۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ان رپورٹس کے پیش نظر وفاقی قانون نافذ کرنے والے اداروں کو نقصان کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے اور اس کے ذمہ دار عمران خان ہوں گے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ لاہور اور گوجرانوالہ ڈویژن کے عوام نے عمران خان کے لانگ مارچ کو مسترد کر دیا ہے کیونکہ لانگ مارچ میں چند سیکڑوں لوگ ہی نظر آئے۔
تاہم انہوں نے عمران خان نیازی پر زور دیا کہ وہ افراتفری کا اپنا ایجنڈا چھوڑ دیں اور ملک کی سیاسی قوتوں کے ساتھ بیٹھ کر مسائل کا سیاسی حل تلاش کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو انتشار کی نہیں اتحاد کی ضرورت ہے۔