اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )چینی کمپنیوں نے پاکستان میں سرمایہ کاری اور مشترکہ منصوبوں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔
بدھ کو بیجنگ میں وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کے دوران انہوں نے کراچی پینے کے صاف پانی کے منصوبے سمیت میگا پراجیکٹس میں سرمایہ کاری کی دعوت بھی قبول کی۔
وزیراعظم نے اعلی درجہ کی چینی کمپنیوں کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی اور انہیں سولر کے ذریعے دس ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کے اپنی حکومت کے اقدام پر مشترکہ طور پر کام کرنے کی پیشکش کی۔
وزیراعظم نے گوادر ایئرپورٹ پر کام کی رفتار تیز کرنے پر زور دیا۔ چینی فریق نے منصوبے کو اگلے سال کے آغاز تک مکمل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
شہباز شریف نے کہا کہ جب سے عہدہ سنبھالا ہے، کمپنیوں کو درپیش رکاوٹوں کو دور کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے چینی کمپنیوں کو ایک سو ساٹھ ارب روپے کی بقایا رقم ادا کر دی ہے۔ گزشتہ روز پچاس ارب روپے ادا کیے گئے اور پچاس ارب روپے کا ریوالونگ فنڈ بھی قائم کر دیا گیا ہے۔
وزیراعظم نے دیامر بھاشا ڈیم کے لیے زمین کے حصول سے متعلق مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
وزیراعظم نے کہا کہ چینی ورکرز کے لیے بہترین ممکنہ سیکیورٹی انتظامات کیے جا رہے ہیں اور سی پیک اور دیگر منصوبوں سے وابستہ افراد کی سیکیورٹی کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ چینی بھائیوں اور بہنوں کی حفاظت انہیں پاکستانی شہریوں کی طرح عزیز ہے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کے لوگوں کو پانی کا مسئلہ درپیش ہے اور ہم اس معاملے میں چین کے ساتھ مل کر کام کرنے کو تیار ہیں۔