اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی نے سابق وزیراعظم عمران خان کو مبینہ طور پر گولی مارنے والے مشتبہ حملہ آور کے ویڈیو بیان کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ تھانے کے ایس ایچ او سمیت پورے عملے کو معطل کر دیا۔
ملزم، جسے پنجاب پولیس نے گوجرانوالہ میں فائرنگ کے واقعے کے فوراً بعد گرفتار کیا تھا نے اعتراف کیا کہ اس نے پی ٹی آئی کے سربراہ کو گولی ماری کیونکہ وہ قوم کو "گمراہ” کر رہا تھا۔
ملزم نے یہ بھی انکشاف کیا کہ جب سے عمران خان نے لاہو ر سے لانگ مارچ شروع کیا تھا تب سے اس نے ایسا کرنے کا ارادہ کیا تھا۔
پرویزالہیٰ نے انسپکٹر جنرل آف پولیس کو بھی ہدایت دی کہ وہ غیر ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کریں۔ انہوں نے کہا کہ تھانے کے تمام عملے کے موبائل فون قبضے میں لے لیے گئے ہیں اور ان کا فرانزک آڈٹ کرایا جائے گا۔
وزیراعلیٰ نے ملزم کی ویڈیو لیک ہونے کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے آئی جی پی کو ہدایت کی کہ وہ حملے کے پیچھے محرکات کی تحقیقات کریں۔