اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )سال 2022 کے دوران ملک کے شہری علاقوں اور دیہات میں مہنگائی کا راج رہا
مہنگائی 27.3 فیصد کے ساتھ تاریخ کی بلند ترین سطح پر رہی
گھریلو ایل پی جی سلنڈر 1200 روپے، آٹا بیس کلو ھیلہ 1040 روپے مہنگا ہو گیا
جبکہ انڈے 150 روپے فی درجن مہنگے ہو گئے۔
سال 2022 میں مہنگائی کے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے، ملک میں مہنگائی کی شرح 27.3 فیصد کے ساتھ تاریخ کی بلند ترین سطح پر رہی حکومت کے عوام کو ریلیف دینے کے وعدے پورے نہ ہوسکے۔
اعداد و شمار کے مطابق فروری 2022 میں ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 1600 روپے کا تھا جو دسمبر 2022 میں 1200 روپے کے اضافے سے 2500 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔ ایک سال کے دوران 20 کلو آٹے کا تھیلا 1040 روپے مہنگا ہو کر 2400 روپے ہو گیا۔
دالوں کی قیمتوں میں بھی نمایاں اضافہ ہوا، دال مسور 180 روپے سے بڑھ کر 320 روپے فی کلو، دال ماش 300 سے بڑھ کر 420 روپے اور دال چنا 190 روپے سے بڑھ کر 280 روپے فی کلو ہو گئی۔
300 روپے فی کلو اضافے سے مرغی کا گوشت 500 روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے، مٹن بھی 400 سے 1800 روپے فی کلو مہنگا ہو گیا ہے۔
دوسری جانب فروری 2022 میں مہنگائی کی شرح 12.2 فیصد، جون میں 21.3 فیصد اور جولائی میں 24.9 فیصد تھی اور اگست کے دوران مہنگائی کی شرح 27.3 فیصد کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔
واضح رہے کہ حکومت نے رواں مالی سال کے دوران وفاقی بجٹ میں مہنگائی کو 11.5 فیصد سے نیچے رکھنے کا ہدف مقرر کیا تھا۔