اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )لاہور ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے خلاف کسی بھی قسم کی کارروائی سے روک دیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جج جسٹس جواد حسن نے الیکشن کمیشن کی کارروائی کے خلاف چیئرمین پی ٹی آئی اور سابق وزیراعظم عمران خان کی درخواست پر سماعت کی۔
سماعت کے دوران لاہور ہائیکورٹ نے دوسری بار الیکشن کمیشن کو عمران خان کو پارٹی چیئرمین شپ سے ہٹانے سے روک دیا اور کمیشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔
یاد رہے کہ عمران خان نے الیکشن کمیشن کے خلاف لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر رکھا ہے، عمران خان نے درخواست میں اپنے خلاف الیکشن کمیشن کی کارروائی کو چیلنج کیا ہے۔
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے لاہور ہائی کورٹ میں الیکشن کمیشن کے خلاف دائر درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ الیکشن کمیشن اپنے اختیارات سے تجاوز کرتے ہوئے پارٹی کو عہدے سے ہٹانے کی کارروائی کر رہا ہے۔