اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) کینیڈا کے صوبے البرٹا میں 19 اکتوبر 2026 کو ہونے والے صوبائی عوامی ریفرنڈم کے لیے ایک نئی معلوماتی ویب سائٹ کا اجرا کر دیا گیا ہے
جس کا مقصد شہریوں کو اہم معاملات پر مکمل آگاہی فراہم کرنا ہے۔حکام کے مطابق اس ویب سائٹ پر عوام ریفرنڈم کے نو سوالات دیکھ سکتے ہیں اور ہجرت اور آئینی امور سے متعلق تفصیلی معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔ یہ سوالات ایک متحدہ کینیڈا کے اندر صوبے کی زیادہ خودمختاری سے متعلق ہیں۔
صوبے کی وزیرِاعلیٰ ڈینیئل اسمتھ نے کہا کہ البرٹا ان لوگوں نے بنایا ہے جو اپنے اصولوں اور اقدار کے دفاع کے لیے کھڑے ہوئے۔ ان کے مطابق یہ عوامی ریفرنڈم شہریوں کو یہ موقع فراہم کرتا ہے کہ وہ صوبے کے مستقبل اور خودمختاری کے حوالے سے اپنی رائے براہ راست پیش کریں۔نو سوالات میں سے پانچ ہجرت کی پالیسی سے متعلق ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ وفاقی پالیسیوں کے باعث تعلیمی اداروں، ہنگامی طبی مراکز اور سماجی خدمات پر دباؤ بڑھا ہے، اس لیے عوام سے رائے لی جا رہی ہے کہ ان نظاموں کو پائیدار اور قابلِ رسائی کیسے بنایا جائے۔باقی چار سوالات آئینی اصلاحات سے متعلق ہیں، جن کے ذریعے صوبہ دیگر ہم خیال صوبوں کے ساتھ مل کر اختیارات کی تقسیم میں تبدیلیوں پر غور کرے گا تاکہ صوبائی خودمختاری کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔
صوبائی وزیرِ انصاف مکی ایمری نے کہا کہ اس ویب سائٹ کے ذریعے عوام باخبر فیصلے کر سکیں گے اور اعتماد کے ساتھ اپنا ووٹ ڈال سکیں گے۔یہ عوامی ریفرنڈم 19 اکتوبر کو منعقد ہوگا، جس میں ووٹنگ کا طریقہ کار صوبائی انتخابات کی طرز پر ہوگا اور اہل ووٹرز کے لیے پولنگ اسٹیشنز اور کاغذی بیلٹ فراہم کیے جائیں گے۔