اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )متحدہ عرب امارات نے پاکستان کے لیے 2 ارب ڈالر کے قرضے کی التوا اور ایک ارب ڈالر کے اضافی قرض کی منظوری دے دی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان سے ملاقات کی، دونوں رہنما ئوں نے پاکستان اور یو اے ای کے درمیان برادرانہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا، باہمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ابوظہبی میں متحدہ عرب امارات کے صدر نے وزیراعظم شہباز شریف کا استقبال کیا، وزیراعظم نے میزبان ملک میں مدعو کرنے پر شیخ محمد بن زید النہیان کا شکریہ ادا کیا۔
ملاقات کے دوران متحدہ عرب امارات کے صدر نے 2 ارب ڈالر کا قرضہ موخر کردیا اور ایک ارب ڈالر کا اضافی قرضہ دینے کی منظوری بھی دی۔
اس موقع پر تجارت، سرمایہ کاری اور توانائی کے شعبوں میں تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔